آٹا بھجوانے والے اب وزیر اعلیٰ بزدار کا استعفیٰ بھی میرے گھر بھجوائیں

مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان اور رکن پنجاب اسمبلی عظمیٰ بخاری نے حکومت کی جانب سے آٹا گھر بھیجنے پر وزیراعلیٰ پنجاب سے استعفیٰ بھی گھر بھیجنے کا مطالبہ کردیا اور کہا کہ اگر حکومت میرے احکامات اور مطالبات پر چلنی ہے تو میرا مطالبہ ہے کہ نااہل وزیر اعلیٰ پنجاب کا استعفی میرے گھر پہنچایا جائے. اب دیکھتی ہوں کہ حکومت میرے اس مطالبے پر کتنی جلدی عمل کرتی ہے.
مسلم لیگ ن کے رہنما ملک احمد خان کے ہمراہ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محکمہ خوراک کی جانب سے آٹے کا ٹرک گھر بھیجنے پر عظمیٰ بخاری نے کہا کہ گھروں تک آنے کی روایت تحریک انصاف نے قائم کی ہے اب ہم گھروں تک پہنچے تو ان کی چیخیں نکلیں گی۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ آٹے کے بحران پر وزیر اعلیٰ پنجاب استعفیٰ دے دیں اور پھر وہ بھی میرے گھر بھجوادیا جائے۔ عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ حکومت میں موجود چینی مافیاکو بحران پر قابو پانے کی ذمے داری دی گئی ہے مگر ہم چینی، آٹے بحران پر کمیٹی میں پارلیمانی کمیشن بنانے کا مطالبہ کریں گے۔
دوسری جانب ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں آٹے کا نہ ملنا بہت بڑی اسکیم ہے اور اس پر عظمیٰ بخاری کے گھر پر آٹے کا ٹرک بھیجنا حکومتی غیر سنجیدگی کو ظاہر کرتا ہے۔انہوں نے چینی اور آٹے کے بحران پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس بحران میں حکومتی نمائندوں کے اپنے مفادات ہیں۔
