اداکارہ رابعہ کلثوم نے بلاول بھٹو زرداری کو بہادر مسلمان قرار دیدیا

معروف اداکارہ رابعہ کلثوم نے بھارت میں جا کر مودی سرکار کو آئینہ دکھانے پر پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا عمران خان سے موازنہ کرتے ہوئے انہیں بہادر مسلمان قرار دے دیا، اداکارہ کے مطابق بلاول بھٹو کے بیانات سے مودی سرکار کی ٹانگیں کانپ گئی تھیں۔
بلاول بھٹو زرداری 4 اور 5 مئی کو بھارتی شہر گوا میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس میں شریک ہوئے تھے، جہاں انہوں نے متعدد بھارتی اور عالمی نشریاتی اداروں کو انٹرویوز بھی دیئے۔
بلاول بھٹو زرداری نے دورے کے دوران بھارت کو دہشت گردی کو مسلمانوں کے خلاف استعمال کرنے پر آڑے ہاتھوں لیا تھا جبکہ انہوں نے وادی کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے پر بھی انڈیا کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے بھارت میں جاکر اسے آئینہ دکھانے پر جہاں ہندوستانی لوگ اور صحافی پاکستانی وزیر خارجہ پر برہم دکھائی دیئے، وہیں پاکستانی شوبز شخصیات نے ان کی تعریفیں بھی کیں۔
اداکارہ رابعہ کلثوم نے نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں واضح کیا کہ وہ پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کی مداح نہیں ہیں لیکن بلاول بھٹو نے جس طرح بھارت میں پاکستان اور مسلمانوں کی نمائندگی کی وہ قابل ستائش ہے، ہر پاکستانی اور مسلمان چاہتا ہے کہ ان کے لیڈر ایسے ہی ہوں جو اسلام کے خلاف ہونے والی سازش پر کھل کر بات کریں۔
اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے بعد بلاول بھٹو زرداری ایسے بہادر مسلمان نکلے جنہوں نے کسی کا خوف کیے بغیر عالمی پلیٹ فارم پر اسلام کے خلاف ہونے والی سازشوں پر کھل کر بات کی۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں بلاول بھٹو زرداری کا ہی وائرل ہونے والا جملہ بھی لکھا کہ ’بھارت کی کانپیں ٹانگ گئیں، ان کی طرح سینئر اداکار عدنان صدیقی نے بھی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے بھارت میں کشمیر پر کھل کر بات کرنے پر ان کی تعریفیں کرتے ہوئے بھارت کو مہمانوں کی عزت نہ کرنے والا میزبان قرار دیا۔
عدنان صدیقی نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ اچھا میزبان وہ ہوتا ہے جو مہمان کو اس کی شناخت اور سیاست سے بالاتر ہوکر عزت دے، مہمانوں کو عزت نہ دینے سے میزبان کی بات خراب ہوتی ہے اور ایسے عمل کا کوئی نتیجہ نہیں نکلتا بلکہ صورت حال خراب ہو جاتی ہے، عدنان صدیقی نے ’بلاول بھٹو زرداری‘ کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔
شوبز شخصیات کی جانب سے پاکستانی صحافیوں اور سوشل میڈیا صارفین نے بھی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے بھارت میں جا کر وہاں پاکستان کا موقف دو ٹوک الفاظ میں پیش کرنے پر ان کی تعریفیں کی تھیں۔
