اداکارہ عینی جعفری کی طویل عرصہ بعد شوبز میں واپسی

اداکارہ عینی جعفری نے طویل عرصہ بعد فلمی دنیا میں واپسی کرتے ہوئے بھارتی فیچر فلم کو سائن کر لیا ہے، اداکارہ کی جانب سے فلم کا حصہ بننے کا بھی باقاعدہ اعلان کر دیا گیا ہے، عینی جعفری نے اپنے کرئیر کا آغاز اشتہار سے کیا تھا جس کے بعد انہوں نے ڈراما انڈسٹری میں قدم رکھا، انہوں نے 2011 میں ڈراما سیریل ’ زپ بس چپ رہو’ سے اداکاری کا آغاز کیا۔
انہیں ٹیلی ویژن اسکرین پر آخری بار 2022 کی ویب سیریز ’منڈی‘ میں دیکھا گیا جہاں وہ صبا قمر، میکال ذوالفقار اور شایان خان کے ساتھ نظر آئی تھیں، اب طویل عرصے بعد عینی جعفری نے شوبز میں دوبارہ قدم رکھا ہے، لیکن اب وہ کسی پاکستانی ڈراما یا فلم میں نہیں بلکہ بالی وڈ کی فیچر فلم میں نظر آئیں گی۔
اداکارہ فیچر فلم ’کوک‘ کا حصہ بننے جا رہی ہیں جس کی ہدایت کاری صارم مومن دے رہے ہیں جبکہ انہی نے اس فیچر فلم کو تحریر کیا، اس خبر کی تصدیق اس وقت ہوئی جب عینی نے اداکار پال مارلن کی انسٹاگرام سٹوری ری پوسٹ کی جس میں عینی کو شوٹنگ کے دوران صوفہ پر بیٹھے دیکھا گیا۔
یہ تصویر ان کی آنے والی فلم کے سیٹ کی تھی، اسٹوری سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ عینی جعفری بالی ووڈ اداکار شکتی کپور کے بیٹے سدھانت کپور کے ساتھ نظر آئیں گی، انسٹاگرام سٹوری میں پال مارلن نے بالی وڈ اور فیچر فلم کے ہیش ٹیگ کے ساتھ انسٹاگرام اسٹوری پر لکھا کہ ’ٹیم سخت محنت کر رہی ہے۔
رواں ماہ کے اوائل میں عینی جعفری نے کوک کے عنوان سے اسکرپٹ کی ایک تصویر پوسٹ کی تھی اور لکھا تھا کہ ’آخر کار، اب اس کا آغاز ہو رہا ہے۔مداحوں نے اداکار عینی جعفری کو بھارتی پروجیکٹ پر دستخط کرنے پر خوشی کا اظہار کیا اور پاکستان ڈراما انڈسٹری میں ان کی کمی محسوس کرنے کے حوالے سے بھی کمنٹس کیے۔
عینی جعفری نے جب شوبز انڈسٹری میں دوبارہ واپسی کا اعلان کیا تھا تو انہوں نے کہا تھا کہ اداکاری کے میدان میں دوبارہ واپسی پر نروس بھی ہوں اور بہت پرجوش بھی ہوں، میں محسوس کررہی ہوں کہ اتنا وقت گزرنے کے باوجود اس فن کے لیے مجھ میں جو جذبہ ہے وہ کبھی ختم ہی نہیں ہوا، جب میں شوبز سے دور تھی تو اس دوران میں نے صبر و تحمل سیکھا اور ایک عورت اور ماں ہونے کے ناطے ایک بیش قیمتی سبق یہ بھی سیکھا کہ آپ سب کچھ ایک ہی وقت میں نہیں کرسکتے، ہر چیز اپنے وقت پر ہوتی ہے۔
عینی جعفری نے اپنے کرئیر میں کئی پروجیکٹس میں کام کیا، 2012 میں عینی جعفری ہم ٹی وی کے ڈراما اسیرزادی میں مرکزی کردار میں نظر آئیں، 2013 میں انہوں نے فلمی دنیا میں قدم رکھا اور اپنی پہلی فلم ہمایوں سعید کی پروڈکشن ’’میں ہوں شاہد آفریدی‘‘ میں اداکاری کی اور پھر ’’بالو ماہی‘‘ میں بھی نظر آئیں۔
عینی جعفری نے برقعہ ایوینجر کے نام سے ایک متحرک فلم میں مرکزی کردار ’جیا‘ کو بھی اپنی آواز دی ہے، انہوں نے 22 فروری 2014 کو فارس رحمن سے شادی کی، جوڑے کا ایک بیٹا بھی ہے، عینی جعفری کے مشہور ڈراموں میں صلہ، عذاب زندگی، میری بہن مایا، منڈی اور دیگر شامل ہیں۔
