اداکار فیروز خان سابقہ اہلیہ کی حمایت میں بول پڑے

معروف اداکار فیروز خان نے سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سابقہ اہلیہ علیزہ سلطان پر تنقید کیخلاف آواز بلند کرتے ہوئے صارفین سے گزارش کی ہے کہ وہ علیزہ کو تھوڑی دیر کے لیے اکیلا چھوڑ دیں۔
علیزہ سلطان اور اداکارہ فیروز خان کے درمیان ستمبر 2022 میں طلاق ہوئی تھی، دونوں نے 2018 میں شادی کی تھی، 2019 میں ان کے ہاں پہلے بیٹے (سلطان) جبکہ فروری 2022 میں بیٹی (فاطمہ) کی پیدائش ہوئی تھی۔
علیزہ سلطان نے فیروز خان پر تشدد کے الزامات عائد کیے تھے جس کے بعد دونوں نے ایک دوسرے کے خلاف عدالتوں میں کیسز بھی دائر کر رکھے ہیں، جن کی سماعتیں جاری ہیں، طلاق کے بعد علیزہ سلطان نے ماڈلنگ شروع کر دی تھی، جس کے بعد چہ مگوئیاں کی جا رہی ہیں کہ وہ جلد شوبز میں بھی قدم رکھیں گی۔
علیزہ کا تعلق شوبز خاندان سے نہیں ہے، تاہم اداکار سے شادی اور طلاق کے بعد وہ شوبز انڈسٹری کا بلواسطہ یا بلاواسطہ حصہ بن چکی ہیں اور اب وہ کافی عرصے سے ماڈلنگ کر رہی ہیں، علیزہ نے 22 دسمبر کو اپنی ماڈلنگ کے پہلے فوٹوشوٹ کی تصاویر شیئر کیں، جن میں انہیں بلوچی اور سندھی امتزاج کے لباس میں دیکھا گیا۔
ان کی جانب سے ماڈلنگ شروع کیے جانے پر کئی لوگوں نے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ساتھ ہی ان کے ساتھ ہمدردی بھی کی، کہ ان کی شادی شدہ زندگی اچھی نہیں گزری جہاں لوگوں نے علیزہ سلطان کی تعریفیں کیں، وہیں بعض لوگوں نے انہیں طعنے بھی دیئے اور لکھا کہ وہ تاحال سابق شوہر کی ہدولت ماڈلنگ کر کے شہرت حاصل کر رہی ہیں۔
فیروز خان نے سماجی پلیٹ فارم ٹوئٹر پر لکھا کہ میں اپنے مداحوں سے درخواست کرنا چاہتا ہوں کہ علیزہ کو اکیلا چھوڑ دیں، جو کچھ بھی ہوا وہ ہمارے درمیان تھا اور اب ہمارے درمیان کچھ نہیں رہا، مزید لکھا کہ اچھا ہو گا اگر میرے مداح ان کی حمایت کریں، سپورٹ کریں اور ان کیلئے آسانی پیدا کریں۔فیروز خان نے آخر میں اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ’’اب مزید نفرت مت کریں‘‘۔

Back to top button