کنگ خان کی نئی فلم ’’جوان‘‘ تہلکہ مچانے کیلئے تیار

جب جب بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی کارکردگی پر انگلیاں اٹھتی ہیں تب تب وہ اپنی جاندار پرفارمنس سے اپنے ہونے کا احساس مدحوں کو ضرور دلاتے ہیں، کیونکہ صاحبو، وہ شاہ رخ خان ہی کیا جو ہار مان لے، ایسی تنقید کے دوران ان کی پٹھان نے دنیا بھر میں دھوم مچائی تو اب نئی فلم ’’جوان‘‘ کو بھی ہٹ لسٹ میں قرار دیا جا رہا ہے۔
شاہ رخ خان کی نئی فلم ’جوان‘ کے ٹریلر کو پہلے 24 گھنٹوں میں 112 ملین سے زیادہ لوگ دیکھ چکے ہیں۔ فلم تھرلنگ، شاہ رخ بہروپیے اور عوام ذوق کے کچے ہیں، تو کوئی وجہ نہیں کہ فلم بلاک بسٹر ثابت نہ ہو۔
اس ایکشن تھرلر کے ہدایت کار ایٹلی کمار ہیں جو تامل فلم انڈسٹری میں ایک بڑا نام ہیں جبکہ پروڈیوسر گوری خان اور گورو ورما ہیں، یہ فلم رواں برس سات ستمبر کو دنیا بھر میں ریلیز کی جائے گی۔ اسے بیک وقت ہندی، تامل اور تیلگو زبانوں میں تیار کیا گیا ہے۔
یہ مختصر پروموشنل ویڈیو اپنی جگہ ایڈیٹنگ کا ایک شاہکار ہے، سنسنی خیز اور ایکشن سے بھرپور تھرل کا پرتجسس اظہار، زبردست ایکشن کے ذریعے ایٹلی کمار اور ان کی ٹیم سامعین کو یقین دلانے میں کامیاب رہی ہے کہ یہ فلم بھرپور انٹرٹینمنٹ ثابت ہو گی۔
172 سیکنڈ کی اس مختصر ویڈیو میں دیپیکا پاڈوکون کی جھلک بھی موجود ہے جو اس بار کسی آئٹم سونگ میں رقص کے جلوے پیش کرنے نہیں آئیں۔ شاہ رخ کی فلم میں ان کی موجودگی شائقین کے جوش و خروش کو مزید بھڑکائے دیتی ہے۔
ایک اندازے کے مطابق فلم میں شاہ رخ اور دیپیکا کا تعلق کسی قبائلی سرزمین سے ہو سکتا ہے۔ شاید وہ ایک ہی جگہ سے لڑنے کی مہارت حاصل کرنے کے بعد شادی کے بندھن میں بندھ گئے ہوں، تیزی سے 60 برس کے قریب پہنچتی عمر میں ڈھلتا بدن اور کرخت چہرہ شاہ رخ کو ہیرو قبول نہیں کراتے۔
طرح طرح کے الزامات کے تیر ان پر برسائے گئے یہاں تک کہ ان کے کیریئر کے آگے ’فل سٹاپ‘ لگانے کی بھی گردان ہونے لگی لیکن یش چوپڑہ نے درست ہی کہا تھا کہ شاہ رخ خان تو لمبی دوڑ کے گھوڑے تھے، جو معمولی رکاوٹوں سے گھبرائے نہیں۔
لوگوں نے یہ بھی کہا کہ بہتر ہے کہ وہ فلم سازی کے میدان میں قدم رکھ کر اب خود کو پس پردہ ہی کر لیں۔ لیکن صاحبو، وہ شاہ رخ خان ہی کیا جو ہار مان لیں۔ اب ’پٹھان‘ کی بےمثال کامیابی کے بعد شاہ رخ کے کیریئر کو نئے پر لگ گئے ہیں اور وہ ایک نئے جوش و جذبے سے کامیابیاں سمیٹتے چلے جا رہے ہیں۔
رواں برس کے آغاز میں جب ’پٹھان‘ ریلیز ہوئی تو اس سے پہلے شاہ رخ خان اور دیپکا پاڈوکون سمیت کسی بڑے سٹار نے کوئی انٹرویو نہیں دیا، ریلیز سے پہلے فلم کے حوالے سے کوئی پریس کانفرنس نہیں کی گئی۔ایک خاموشی تھی جس سے تجسس نے جنم لیا۔ نتیجہ یہ کہ لوگوں نے اپنے سوالات کے جواب جاننے کے لیے سینیما گھروں کا رخ کیا۔
یہی معاملہ ’جوان‘ کا نظر آ رہا ہے، اب بھی تجسس کا ہتھیار استعمال کیا جا رہا ہے۔گرافکس کا استعمال اور ایکشن سے بھرپور تھرلرز ایٹلی کمار کا خاصہ ہے۔ وہ شاہ رخ خان کے ساتھ کام کر کے بہت خوش ہیں۔ٹوئٹر پر اپنے نوٹ میں وہ لکھتے ہیں، ’بادشاہوں کی کہانیاں پڑھنے سے لے کر حقیقت میں ایک کے ساتھ کام کرنے تک، میرا اندازہ ہے کہ میں اس خواب کو سچ کے روپ میں جی رہا ہوں جو میں نے ہمیشہ دیکھا۔
’اس فلم نے مجھے اڑنے کو نیا آسمان دیا، اس سفر میں میں نے انمول سبق سیکھے۔ سنیما کے لیے آپ کا جذبہ اور آپ نے جس قدر محنت کی، جس کا میں نے گذشتہ تین برسوں میں قریب سے مشاہدہ کیا، متاثر کن اور حوصلہ افزا ہے۔
شائقین نے جوان کی مختصر ویڈیو کے بعد سب سے زیادہ سلمان خان کی ٹویٹ پر ردعمل دیا۔ سلمان نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا ’پٹھان جوان بن گیا، بہت شاندار اور غیر معمولی ٹریلر ہے جو مجھے بہت زیادہ اچھا لگا، اس کے ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ یہ ایسی فلم ہے جسے تھیئٹر میں جا کر ہی دیکھنا چاہئے، میں تو پہلے ہی دن جا کر دیکھوں گا۔ مزہ آ گیا۔
