اداکارہ مایا علی جنرل باجوہ کی وجہ سے ٹاپ ٹرینڈ کیوں بنیں؟

اداکارہ مایا علی نے یوم شہدا کی ایک حالیہ تقریب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی تعریفوں کے ایسے پل باندھے کہ سننے والے بھی شرما گئے جسکے بعد مایا علی ٹوئیٹر کے ٹاپ ٹرینڈ میں آ گئیں، تقریب کے دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ریٹائرمنٹ سے پہلے اپنا الوداعی خطاب بھی کیا۔ یاد رہے کہ جنرل باجوہ چھ برس تک پاکستان پر حکمرانی کرنے کے بعد 29 نومبر کو ریٹائر ہورہے ہیں۔ حکومت نے پہلے ہی لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کو نیا آرمی چیف مقرر کر دیا ہے، جی ایچ کیو میں ہونے والی یوم شہدا کی تقریب کی میزبانی کے دوران مایا علی کی جانب سے باجوہ کی تعریفوں کے بعد سے وہ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ میں ہیں اور لوگ کے دعوئوں پر طرح طرح کے تبصرے کر رہے ہیں۔

مایا علی نے آرمی چیف کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ تاریخ جب قمر جاوید باجوہ کا ذکر کرے گی، تب ان کا نام دنیا کی مشکل ترین جنگ لڑنے والے سپہ سالاروں کی فہرست میں لکھا جائے گا۔اداکارہ کے اسی جملے پر لوگوں نے طرح طرح کی میمز شیئر کیں، مایا علی کے بیان کے وقت کیمرا مین نے آرمی چیف کی جھلک بھی دکھائی تھی، جس میں انہیں خاموش دیکھا جا سکتا ہے۔لوگوں نے اداکارہ کی کلپس شیئر کرتے ہوئے ان سے سوال کیا کہ آرمی چیف جنرل قمر باجوہ نے کون سی دنیا کی مشکل ترین جنگ لڑی تھی؟ یہ بھی یاد دلایا گیا کہ انہوں نے تو کشمیر کے نام پر ایکسٹینشن لینے کے بعد کشمیر کا ہی سودا کر دیا۔ کئی لوگوں نے مایا علی کی تعریفوں والے کلپ کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ مایا کے بیان پر خود آرمی چیف بھی پریشان ہیں کہ انہوں نے ایسی کون سی خطرناک ترین جنگ لڑی تھی؟

جہاں سوشل میڈیا پر اداکارہ سے پوچھا گیا کہ وہ کونسی جنگ کا ذکر کر رہی ہیں، وہیں کئی لوگوں نے ان کی حمایت بھی کی اور لکھا کہ انہوں نے تو صرف کسی کا لکھا گیا سکرپٹ پڑھا لہٰذا ان پر تنقید کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔ کئی اور صارفین نے ان کے کلپ پر لکھا کہ اگلی بار تمغہ امتیاز مایا علی کو ملے گا۔

Back to top button