اداکار ساحر لودھی تنازعات سے کیوں نہیں گھبراتے؟

معروف میزبان، اداکار ساحر لودھی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اپنی زندگی میں کبھی بھی تنازعات سے دور نہیں بھاگتے ہیں کیونکہ اس سے شہرت کے ساتھ پیسہ بھی ملتا ہے۔
ساحر لودھی مارننگ شوز، رمضان ٹرانسمیشن اور گیم شو کی میزبانی کرنے کے حوالے سے اور اپنے مخصوص انداز اور انداز بیان کے حوالے سے مشہور ہیں، انہیں زیادہ تر لوگ ’پاکستان کے شاہ رخ خان‘ کے طور پر بھی جانتے ہیں۔
ساحر لودھی نے حال ہی میں ایک یوٹیوب چینل کو انٹرویو دیا جہاں انہوں نے مارننگ شوز، بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان کے ساتھ موازنہ کرنے سے متعلق سوال پر گفتگو کی۔
ساحر لودھی نے اپنا تعارف کرتے ہوئے کہا کہ ’ساحر‘ اور ’ساحر لودھی‘ دو مختلف لوگ ہیں، ’ساحر‘ وہ ہے جسے میں جانتا ہوں، اور ’ساحر لودھی‘ وہ ہے جسے سب لوگ جانتے ہیں، ’ساحر لودھی‘ پر سب کی رسائی ہے لیکن ’ساحر‘ پر صرف ’ساحر لودھی‘ کو رسائی حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’ساحر‘ کو جاننا لوگوں کے لیے ضروری نہیں ہے، میں اپنی زندگی کی کتھا کسی کو سمجھانے کا پابند نہیں ہوں، میں اپنے معاملات نجی رکھنے کا عادی ہوں، پارٹیز میں زیادہ تر شرکت نہیں کرتا، میں ہمیشہ محدود رہتا ہوں، زیادہ لوگوں سے ملنے کا شوقین نہیں ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ریڈٰیو مجھے بے حد پسند ہے، میں ہمیشہ اپنے چہرے کے حوالے سے حساس تھا، انسان کو نہ خوش فہم ہونا چاہئے اور نہ غلط فہمی کا شکار ہونا چاہئے، نوجوانی میں وہ لڑکا نہیں تھا کہ جسے دیکھ کر لوگوں کی سانسیں رُک جائیں، میرا رنگ کرکٹ کھیلنے کی وجہ سے سانولا ہوگیا تھا، مجھے میری رنگت کی وجہ سے تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ میرے پاس صرف ایک صلاحیت تھی کہ میں بہت اچھا اور بہتر بول سکتا تھا، میں بچپن سے ہی ڈاکٹر بننا چاہتا تھا نہیں بن سکا، بعد میں مجھے معلوم ہوا کہ بولنے کی صلاحیت اللہ نے مجھے کیوں دی ہے، اس لیے آج 15 سال ہوگئے ہیں کہ میں ٹی وی اور ریڈیو پر اپنے بولنے کے انداز سے لوگوں کو متاثر کرتا ہوں۔ساحر لودھی نے کہا کہ ’میں جو کچھ بولتا ہوں اس کا اثر زیادہ ہوتا ہے بجائے اس کے کہ میں کس طرح نظر آرہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میں کبھی کسی تنازع سے نہیں ڈرتا، ایک راز کی بات یہ ہے کہ جتنا زیادہ تنازع ہوتا ہے اتنا زیادہ پیسہ بھی ملتا ہے، جتنے لوگ آپ سے نفرت کرتے ہیں آپ اتنی زیادہ ترقی کرتے ہیں۔
بالی وڈ سٹار شاہ رخ خان سے موازنہ کرنے کے سوال پر ساحرلودھی نے کہا کہ میرا شاہ رخ خان سے کوئی موازنہ نہیں ہے، ابتدائی طور پر مجھے تھوڑی پریشانی ہوئی لیکن پھر میں سمجھ گیا کہ میری یقیہ زندگی میں اب ایسا ہی چلے گا۔
انہوں نے کہا کہ اب میں اس سے پریشان نہیں ہوتا، میں کسی خوش فہمی یا غلط فہمی کا شکار نہیں ہوں، میں یہاں اس لیے نہیں کہ لوگ مجھے کسی دوسرے شخص کے ساتھ موازنہ کریں۔
