اداکار عثمان مختار کرونا سے صحت یاب ہو گئے

پاکستانی اداکار و ہدایت عثمان مختار کرونا کے مرض سے محض 11 دن میں ہی صحت یاب ہوگئے، ان میں گزشتہ ماہ 29 اکتوبر کو کرونا کی تشخیص ہوئی تھی۔
عثمان مختار نے اپنی ٹوئٹ میں تصدیق کی کہ ان کا کرونا کا دوسرا ٹیسٹ منفی آگیا اور انہوں نے صحت یابی کے لیے دعائیں کرنے پر مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔ اداکار نے مداحوں کو ہدایت کی کہ وہ بلاضرورت گھروں سے نہ نکلیں اور مجبوری کی صورت میں گھر سے باہر جاتے وقت سماجی فاصلہ اختیار کریں۔ اداکار نے لکھا کہ گھروں تک محدود رہنا، سماجی فاصلے اختیار کرنا اور حفاظتی انتظامات اختیار کرنا ہم سب کے لیے فائدہ مند ہیں۔ عثمان مختار میں کرونا کی تشخیص ایک ایسے وقت میں ہوئی جب کہ ملک بھر میں وبا کی دوسری لہر تیزی سے پھیل رہی ہے اور کئی لوگ وبا کا شکار ہو رہے ہیں. ملک بھر میں کرونا کی دوسری لہر کے پیش نظر حکومت نے کئی سختیاں بھی عائد کی ہیں اور فیس ماسک پہننے کو لازمی قرار دے رکھا ہے۔ حکومت نے وبا سے بچاؤ کی خاطر شادی ہالز میں شادی کی تقریبات پر پابندی عائد کرنے سمیت شادی کی تقریبات کو محدود رکھنے کے احکامات بھی جاری کر رکھے ہیں۔
