اداکار محب مرزا کا صنم سعید سے محبت کا اعتراف

شادی کی افواہوں کے درمیان معروف اداکار محب مرزا نے ساتھی اداکارہ صنم سعید سے محبت کرنے کا اعتراف کر لیا ہے۔ محب مرزا نے حال ہی میں ایک پروگرام میں شرکت کی جہاں انہوں نے دبے لفظوں میں صنم سعید سے اپنی محبت کا اعتراف کرلیا۔ میزبان نے محب سے سوال کیا کہ آپ صنم کے بارے میں کیا کہنا چاہیں گے؟ آپ کی ان کے ساتھ کب اور کہاں محبت کی کہانی شروع ہوئی؟ اس پر محب مرزا نے جواب دیا کہ ’صنم کا مطلب ہے جس سے محبت کی جائے اور محب کا مطلب ہے محبت کرنے والا اس سے زیادہ میں اور کچھ نہیں کہوں گا‘۔
میزبان نے سوال کیا کہ آمنہ شیخ سے علیحدگی کے بعد صنم کے ساتھ زندگی کا آغاز کرنا کیسا رہا کیونکہ دوسری مرتبہ انسان محبت کرنے سے ڈرتا ہے؟ محب مرزا نے جواب دیا کہ وہ اس بات سے بھی اتفاق کرتے ہیں کہ دوسری بار محبت کرنا آسان کام نہیں ہے، یہ مشکل ہوتا ہے لیکن ہر اس انسان کو اپنے تجربے کی اصلاح کا حق ہے جو اپنے رشتے درست کرنا چاہتا ہو۔ اداکار کا کہنا تھا کی کوئی بھی پیدائشی طور پر سمجھ دار نہیں ہوتا لیکن ہم اپنے تجربات سے سیکھتے ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ کئی سالوں سے صنم سعید اور محب مرزا کے تعلقات کی افواہیں گردش کر رہی تھیں تاہم پچھلے کچھ دنوں سے اس جوڑی کی جانب سے اپنے اس تعلق سے نقاب اُٹھایا جارہا ہے جس سے ان کی شادی کی افواہیں یقین میں بدل چکی ہیں۔
یاد رہے کہ دونوں کی پہلی شادیاں ناکام ہو چکی ہیں اور دونوں پچھلے تین برس سے تعلقات میں ہیں لیکن اپنی شادی کی تصدیق نہیں کر رہے۔ لیکن اب حال ہی میں صنم سعید کی جانب سے محب مرزا کے ہمراہ ایک ویڈیو شیئر کیے جانے پر ایک بار پھر ان کی شادی کی خبریں وائرل ہو گئی ہیں۔ صنم سعید نے سال 2022 کے اختتام اور 2023 کے آغاز پر انسٹاگرام پر ایک مختصر ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے سال بھر کی کہانی کو پیش کیا۔ اس ویڈیو میں صنم کو مختلف لوگوں کے ساتھ مختلف مقامات اور علاقوں کی سیر کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو میں اداکارہ نے اپنی فلم ’عشرت میڈ ان چائنا‘ کی شوٹنگ اور مناظر کی تصاویر بھی شیئر کیں، جس میں ان کے ہمراہ اداکار محب مرزا بھی دکھائی دیے۔
پاکستان شوبز کی ورسٹائل اداکارہ صنم سعید کی جانب سے پوسٹ کی گئی ویڈیو سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بن گئی، سوشل میڈیا پر ایک عرصے سے یہ قیاس آرائیں کی جا رہی ہیں کہ صنم سعید اور محب مرزا شادی کر چکے ہیں تاہم ان کی جانب سے اب تک اس کا کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔ مگر سالِ نو کے آغاز پر اداکارہ صنم سعید کی جانب سے سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ویڈیو کے بعد اداکارہ کی محب مرزا سے شادی کی افواہیں یقین میں بدل گئی ہیں، کیونکہ ان میں کئی تصاویر رومانوی انداز میں لی گئی ہیں۔ اس ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد اداکارہ کے مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے انہیں شادی کی مبارکباد دینے کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا ہے۔ کئی صارفین کا کہنا ہے کہ انہیں معلوم تھا کہ دونوں نے خاموشی سے شادی کر لی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ایک انٹرویو کے دوران محب مرزا نے دوسری شادی کا انکشاف کیا تھا تاہم اپنی اہلیہ کا نام یا شادی کے حوالے سے مزید بات نہیں کی تھی، خیال رہے کہ محب نے 2019 میں اہلیہ و اداکارہ آمنہ شیخ سے راہیں جدا کر لی تھیں جبکہ صنم سعید نے بھی 2018 میں اپنے پہلے شوہر سے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔ اداکارہ آمنہ شیخ اور صنم سعید کے شوہر پہلے ہی دوسری شادیاں کر چکے ہیں۔
