گلوکار سجاد علی کا ’’بے شرم‘‘ گانے پر نیا موقف آ گیا

معروف گلوکار سجاد علی نے بھارتی فلم ’’پٹھان‘‘ کے گانے ’’بے شرم‘‘ سے متعلق قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے کبھی ایسا نہیں کہا کہ میرے گانے کو کاپی کیا گیا ہے۔ سجاد علی کے مطابق کچھ لوگ سستی شہرت کے لیے ان افواہوں کو مجھ سے منصوب کر رہے ہیں، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سجاد علی نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ میں نے کب کہا کہ میرا گانا کاپی کیا گیا ہے؟ بلکہ میں نے کہا تھا کہ گانا سن کر مجھے اپنا ایک پرانا گانا یاد آگیا۔
گلوکار نے کہا کہ میں نے اپنے پچھلی ویڈیو میں نہ کسی گلوکار کا نام لیا نہ گانے، میوزک ڈائریکٹر اور نہ اداکار کا نام لیا ہے، میں نے اپنی ویڈیو میں کہا تھا کہ گانا سن کر مجھے اپنا ایک پرانا گانا یاد آگیا، کیونکہ ہمارے ہاں 80 فیصد جو گانے بنتے ہیں وہ ایک دوسرے سے ملتے جلتے ہیں، گانے کی پہلی لائن سے لوگوں نے سمجھ لیا کہ میرا گانا کاپی کرلیا گیا ہے۔سجاد علی نے کہا کہ میں نے ایسا کوئی بیان دیا ہے اور نہ میں ایسے بیانات دیتا ہوں، میرے گانے کی نقل نہیں کی گئی اور نہ میں نے ایسا کچھ کہا ہے، ان کا کہنا تھا کہ مجھے ایسے بیانات دے کر سستی شہرت حاصل کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے، جب 90 کی دہائی میں میرے گانے پورے کاپی ہو رہے تھے نہ تب میں نے کبھی بات کی اور نہ آج کروں گا۔
معروف گلوکار کا کہنا تھا کہ کچھ لوگوں کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ میں نے مہدی حسن کی غزل کاپی کرلی ہے، یہ غزل مہدی حسن کی نہیں بلکہ احمد فراز کی ہے، ایک غزل کو کئی لوگ کئی سو الگ الگ دھنوں میں گاتے ہیں اسے کاپی نہیں کہتے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاں فن کو کھرچ کھرچ کر ہمارے ذہنوں سے نکال دیا ہے اس لیے ہمیں شوق تو بہت ہے لیکن علم نہیں ہے، خیال رہے کہ بھارتی اداکار شاہ رخ کی فلم ’پٹھان‘ کا گانے ’بے شرم رنگ‘ ریلیز کیے جانے کے بعد پاکستان کے نامور گلوکار سجاد علی کی جانب سے ٹوئٹ میں اپنے پرانے گانے کی دھن شیئر کیے جانے کے بعد شائقین نے بالی ووڈ فلم ساز اور موسیقاروں پر دپیکا پڈوکون اور شاہ رخ خان کے گانے ’بے شرم رنگ‘ کی دھن کاپی کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔
ٹوئٹ میں سجاد علی کو اپنے پرانے گانے کی دھن کو گنگناتے ہوئے دیکھا اور سنا جاسکتا ہے، ویڈیو شیئر کرتے ہوئے سجاد علی نے کیپشن میں لکھا تھا کہ حال ہی میں انہوں نے نئی فلم میں آنے والے ایک گانے کو سنا تو انہیں اپنا ایک 26 سال پرانا گانا یاد آ گیا۔ ان کی دھن سننے کے بعد متعدد سوشل میڈیا صارفین نے ان کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا، شاہ رخ خان اور دپیکا پڈوکون کا گانا ’بے شرم رنگ‘ سجاد علی کے گانے ’اب کے ہم بچھڑے تو کتابوں میں ملیں‘ کی دھن سے کاپی کرکے تیار کیا گیا ہے۔
