اداکار نعمان اعجاز نے انسٹاگرام اکاؤنٹ ہیک ہونے کے بعد نیا اکاؤنٹ بنالیا

سینیئر اداکار نعمان اعجاز نے انسٹاگرام اکاؤنٹ ہیک اور معطل ہونے کے بعد فیس بک کی فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر نیا اکاؤنٹ بنالیا۔
نعمان اعجاز سے قبل بھی متعدد شوبز، کھیل اور سیاست سے وابستہ شخصیات کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ہیک ہوچکے ہیں۔ گزشتہ روز اداکار نعمان اعجاز نے اپنی ٹوئٹ میں مداحوں اور دوستوں کو آگاہ کیا تھا کہ ان کا انسٹاگرام اکاؤنٹ ہیک کرلیا گیا ہے، اس لیے وہ ان کے اکاؤنٹ کی جانب سے کسی بھی نامناسب پیغام ملنے یا مواد شیئر ہونے کے حوالے سے باخبر رہیں۔
Hi everyone luckily being so famous some idiot hacked my insta account ….so plz becareful about message or any post shared from that account …kindly report naumaanijazofficial insta account.
I will be back soon with a new account …
Allah bless u all.— Naumaan Ijaz (@ijaz_naumaan) October 21, 2020
اداکار نے اپنی ٹوئٹ میں مداحوں اور دوستوں سے اپیل کی تھی کہ وہ ان کے انسٹاگرام اکاؤنٹ کو ڈی ایکٹویٹ کروانے کے لیے انسٹاگرام انتظامیہ کو رپورٹ کریں۔ انسٹاگرام اکاؤنٹ ہیک ہونے کی ٹوئٹ کے بعد نعمان اعجاز نے اپنی دوسری ٹوئٹ میں مختصر ویڈیو بھی جاری کی تھی اور بتایا تھا کہ وہ اس وقت ملک سے دور کینیڈا میں موجود ہیں۔ نعمان اعجاز کا انسٹاگرام اکاؤنٹ ہیک ہونے کے حوالے سے اداکار کی ٹیم نے بات کرتے ہوئے تصدیق کی تھی کہ انہوں نے اداکار کا اکاؤنٹ بحال کرانے کی کوشش بھی کی تھی لیکن وہ اداکار کا اکاؤنٹ بحال کرنے کے موڈ میں نہیں۔ نعمان اعجاز نے اکاؤنٹ ہیک ہوجانے کے بعد مداحوں کو بتایا کہ وہ جلد ہی دوسرے اکاؤنٹ سے ان سے منسلک ہوجائیں گے۔ انسٹاگرام پر نیا اکاؤنٹ بنانے کا اعلان اداکار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کی گئی ایک ٹوئٹ میں کیا۔
