امیتابھ خوبصورت خواتین سے آسان سوالات کیوں پوچھتے ہیں؟

معروف بھارتی کامیڈین کپل شرما نے بالی ووڈ سپر اسٹار امیتابھ بچن پر الزام لگایا ہے کہ وہ اپنے کوئز شو کون بنے گا کروڑ پتی میں خوبصورت خواتین سے مردوں کی نسبت آسان سوالات پوچھتے ہیں تاکہ انکا دل جیت سکیں۔
یاد رہے کہ کپل حال ہی میں کون بنے گا کروڑ پتی میں بالی ووڈ کے مشہور گلوکار سونو نگم کے ساتھ پروگرام میں شریک ہوئے تھے۔ بعد ازاں انہوں نے اپنے شو میں امیتابھ بچن کے پروگرام میں شرکت کے حوالے سے گفتگو کی اور اس تجربے کو مذاحیہ انداز میں بیان کیا۔ کپل شرما نے کہا کہ بچن جی کے کوئز شو میں میوزک سیٹ اپ کی وجہ سے ماحول کافی عجیب تھا، امیتابھ بچن اس موقع پر اپنے مخصوص انداز میں مجھے دیکھ کر کہنے لگے کہ مجھے یوں نہ دیکھیں، انکی آواز ویسے ہی کافی رعب دار اور گرج دار ہے، جس کرسی پر آپ بیٹھے ہوتے ہیں وہاں سے بھی آوازیں آتی ہیں۔
کپل کے مطابق انہوں نے بچن جی میں ایک بات دیکھی ہے، وہ یہ کہ اگر سونالی جیسی خوبصورت لڑکی چلی جائے اور انکی مہمان بن جائے تو امیتابھ بچن صاحب کے سوال الگ ہوں گے اور بہت ہی آسان ہون گے، مثلا یہ کہ سرخ گلاب کا پھول کس رنگ کا ہوتا ہے؟ لیکن جب ہم جیسے لوگ بچن جی کے پروگرام میں مہمان بن کر جائیں گے تو ہمیں دنیا کے مشکل ترین سوالات پوچھے جائیں گے۔ مثلا ہم سے وہ پوچھیں گے کہ مغل بادشاہ ہمایون کب اقتدار میں کب آیا تھا؟ اگر ہم بتادیں گے کہ کب آیا تھا تو پھر پوچھیں گے کہ کس سال آیا تھا، کپل نے زور دار قہقہہ لگاتے ہوئے کہا، یہ بھی بتادیں تو پھر کہیں گے، کس دن آیا تھا؟ پھر بھی ان کی تسلی نہیں ہوگی تو کہیں گے کتنے بجے آیا تھا؟
یاد رہے کہ کپل شرما اسٹینڈ اپ کامیڈین ،اداکار، ٹی وی میزبان، پروڈیوسر اور موسیقار ہیں۔ کپل شرما کے شو کا نام دہ کپل شرما شو ہے جو ہر ہفتہ اتوار کو سونی ٹی وی چینل پر چلتا ہے جس میں بہت سے فلمی اداکار اور سیلیبریٹیز شرکت کرتے ہیں۔
