’’2021 پاکستانی ٹی20 ٹیم کیلئے کامیابیوں کا سال‘‘


پاکستانی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کیلئے 2021 کو کامیابیوں کا سال قرار دیا جا رہا ہے، قومی ٹیم نے مختصر طرز کی سیریز کو ایک کے بعد ایک اپنے نام کیا، قومی ٹیم نے حال ہی میں دورہ پاکستان پر آئی کالی آندھی کی ٹیم کو بھی دھول چٹا دی۔
2021 کے دوران جہاں پاکستانی کھلاڑیوں نے قابل ذکر اعزازات اپنے نام کیے اور دنیا بھر میں کرکٹ کے شائقین سے داد سمیٹی، وہیں یہ برس گرین شرٹس کے ٹی20 سکواڈ کے لیے بھی یادگار رہا۔ پاکستان نے 2021 کے ٹی20 ورلڈ کپ میں انڈیا کو 10 وکٹوں سے شکست دی تو یہ مختصر فارمیٹ کی کرکٹ میں وکٹوں کے اعتبار سے پاکستان کی سب سے بڑی کامیابی بنی۔ دنیا میں ٹی20 کرکٹ کھیلنے والی کسی بھی ٹیم کی جانب سے ایک برس میں سب سے زیادہ کامیابیوں کا اعزاز پاکستان کے نام رہا، قومی ٹیم نے 2021 کے دوران 20 میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔
پاکستانی بلے باز محمد رضوان اور بابراعظم ٹی20 کیلنڈر ایئر میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں میں شامل رہے، محمد رضوان نے 1326 جبکہ بابراعظم نے 939 رنز سکور کیے۔
محمد رضوان 1326 رنز کے ساتھ واحد کھلاڑی رہے جنہوں نے ایک ہزار رنز کا سنگ میل عبور کیا، بابراعظم نے 2021 کے دوران جہاں 122 رنز کی سب سے بڑی انفرادی اننگز کا اعزاز اپنے نام کیا، وہیں 16 کیچ بھی تھامے جو کسی فیلڈر کی جانب سے ٹی 20 کرکٹ میں سب سے زیادہ کیچ رہے۔ قومی ٹیم نے 16 جولائی کو کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی میچ میں انگلینڈ کو 31 رنز سے شکست دی، 28 جولائی کا پاک ویسٹ انڈیز ٹی ٹوئنٹی میچ بارش کے باعث ملتوی کر دیا گیا جبکہ دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے 7 رنز سے کامیابی سمیٹی۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ وارم اپ میچ میں قومی ٹیم نے کالی آندھی کو 7 سکور سے ہرایا جبکہ 24 اکتوبر کو قومی ٹیم نے بھارتی ٹیم کو 10 وکٹوں سے شکست سے دوچار کیا۔ جبکہ 26 جولائی کو ہونے والے میچ میں پاکستانی ٹیم نے کیویز کو 5 وکٹوں سے شکست دی، 29اکتوبر کو پاک ٹیم نے افغانستان کو 5 وکٹوں سے ہرایا، 2نومبر کو نمیبیا کو 45 رنز سے شکست دی۔
7نومبر کو کھیلے گئے میچ میں پاکستانی ٹیم نے سکاٹ لینڈ کو 72 سکور سے ہرایا، قومی ٹیم نے 19 نومبر کو بنگلہ دیش ٹیم کو 4 وکٹوں سے شکست سے دوچار کیا، 20 نومبر کو کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بنگال ٹائیگرز کو 8 وکٹوں سے ہرایا، 22نومبر کو کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم نے بنگلہ دیش کیخلاف 5 وکٹوں سے فتح سمیٹی۔
جبکہ 13 دسمبر کو ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ میں قومی ٹیم نے 63سکور ، 14 دسمبر کو کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں 9 رنز اور 16 دسمبر کو کھیلے گئے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں 7 وکٹوں سے فتح سمیٹی۔

Back to top button