انعام الرحیم کی رہائی کیخلاف وزارت دفاع کی درخواست مسترد

لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ نے وزارت دفاع کی جانب سے کرنل (ر) ایڈووکیٹ انعام الرحیم کی حراست کو غیر قانونی قرار دے کر رہا کرنے کے حکم کے خلاف دائر درخواست مسترد کردی۔
جسٹس وقاص مرزا رؤف نے 2 روز قبل ہونے والی سماعت میں کرنل (ر) ایڈووکیٹ انعام الرحیم کی رہائی کو غیر قانونی قرار دیا تھا اور فوجی حکام کو انہیں فوری رہا کرنے کی ہدایت کی تھی۔عدالت نے ان کی رہائی کا حکم دیتے ہوئے کہا تھاکہ ’فوجی حکام کے پاس انعام الرحیم ایڈووکیٹ کی حراست کو غیر قانونی اور ناجائز قرار دیا جاتا ہے، انہیں فورا ً رہا کیا جاے گا‘۔
بعدازاں وزارت دفاع نے لاہور ہائی کورٹ کے حکم کے خلاف ڈپٹی اٹارنی جنرل راجا عابد کے ذریعے جمعے کے روز ایک انٹرا کورٹ اپیل دائر کی تھی۔جسٹس صداقت علی خان اور جسٹس انوار الحق پنوں پر مشتمل ہائی کورٹ کے ڈویژن بینچ نے رجسٹرار آفس کے اٹھائے گئے اعتراضات کے خلاف ڈپٹی اٹارنی جنرل کے دلائل سنے۔بینچ نے تفصیلی دلائل سننے کے بعد رجسٹرار آفس کے اعتراضات برقرار رکھے اور ان کے مطابق اپیل کو مسترد کردیا۔
