انڈر19 ورلڈکپ: بھارت نے پاکستان کا سفرتمام کردیا

آئی سی سی انڈر19 ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں بھارت نے پاکستان کو 10 وکٹوں سے باآسانی شکست دے کرفائنل میں جگہ بنالی۔
پاکستان نے بھارت کو جیت کیلئے 173رنزکا ہدف دیا جو اس نے بغیرکسی نقصان کے پورا کرلیا۔ بھارت کی جانب سے یشاسوی جیسوال نے شاندار105 اوردیویانش سکسینا نے 59 رنزکی اننگز کھیلی۔ پاکستانی بولرزایک وکٹ بھی حاصل نہیں کرسکے۔
جنوبی افریقا کے شہر پوچس فسٹروم میں کھیلے گئے اس اہم ایونٹ میں پاکستان کے کپتان روحیل نذیر نے بھارت کےخلاف ٹاس کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے 43.1 اوورز میں 172 رنزبنائے اوراس کی پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے حیدر علی 56 اور کپتان روحیل نذیر 62 رنزبناکر نمایاں رہے۔
روحیل نذیر نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کے فیصلے پر کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ اسکوربورڈ پربڑا اسکور کرکے میچ جیتیں تاہم وہ ایسا کرنے میں ناکام رہے اورگرین شرٹس کا سفر سیمی فائنل میں تمام ہوگیا۔
