انگلینڈ نے بنگلہ دیش کو 8 وکٹوں سے ہرا دیا
انگلینڈ نے باؤلرز کی شاندار کارکردگی کی بدولت ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ ون کے میچ میں بنگلہ دیش کے خلاف باآسانی 8 وکٹوں سے فتح سمیٹ لی ہے۔
بنگلہ دیش نے ابوظبی کے شیخ زاید کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔دونوں اوپنرز لٹن داس اور محمد نعیم 14 کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئے۔
تیسرے نمبر پر آنے والے شکیب الحسن بھی بلے بازی میں متاثر کن کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور 26 کے مجموعے پر 4 رنز بنا کر کرس ووکس کی گیند پر آئوٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔
مشفق الرحیم نے سب سے زیادہ 29 رنز بنائے اور 11 ویں اوور کی چوتھی گیند پر آؤٹ ہوئے تو بنگلہ دیش کا سکور 63 رنز تھا جس کے بعد عفیف حسین 73 رنز پر آئوٹ ہوگئے ۔ عفیف حسین 5 رنز بنا کر وکٹوں کے درمیان رن لینے کی کوشش میں آؤٹ ہوگئے۔
بنگلہ دیشی کپتان محموداللہ نے بھی ٹیم کو مشکل سے نکالنے میں ناکام رہے اور صرف 19 بنا کر 83 کے مجموعی سکور پراننگز کا اختتام کر بیٹھے۔
مہدی حسن 11 رنز کے سکور پر ملز کی گیند کا نشانہ بن گئے ، ان کے بعد بلے باز نسم احمد نے نورالحسن کا ساتھ دیا اور دونوں بلے بازوں نے سکور 124 رنز تک پہنچا دیا۔
نورالحسن 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے فوری بعد مستفیض الرحمٰن صفر پر پویلین واپس لوٹ گئے۔
بنگلہ دیش نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 124 رنز بنائے۔
انگلینڈ کی جانب سے ملز نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں، معین علی اور لیونگسٹن نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کے اوپنر جوز بٹلر 18 رنز بنا کر نسم احمد کی وکٹ بن گئے تاہم دونوں اوپنرز نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 39 رنز بنالیے تھے۔
جیسن روئے نے اپنی نصف سنچری مکمل کی اور 38 گیندوں پر 5 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 61 رنز کی اننگز کھیل کر 112 کے مجموعے پر شریف الاسلام کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
انگلینڈ نے مطلوبہ ہدف 15 ویں اوور کی پہلی گیند پر 2 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز بنا کر حاصل کرلیا۔
ڈیوڈ ملان 28 اور جونی بیئراسٹو 8 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔
جیسن روئے کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
قبل ازیں بنگلہ دیشی کپتان محمود اللہ نے ٹاس جیت کر کہا کہ وکٹ، بیٹنگ کے لیے سازگار لگ رہی ہے اور زیادہ سے زیادہ ہدف دینے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور شریف الاسلام کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔
انگلینڈ کے کپتان اوئن مورگن نے کہا کہ آئی پی ایل میں اس وکٹ پر بہت کھیلا ہے اور یہ اس وقت کی طرح آج بھی اچھی لگ رہی ہے۔
