آئندہ مردم شماری کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے.

آئندہ مردم شماری کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے.
وزیراعظم عمران خان نے متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماؤں کے وفد سے ملاقات میں انہیں یقین دلایا کہ آئندہ مردم شماری کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے گا
اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان کی ایم کیو ایم کے وفد سے ملاقات ہوئی جس میں وزیر منصوبہ بندی اسد عمر بھی شریک ہوئے تھے۔
وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق، خالد مقبول صدیقی اور سینیٹر فیصل سبزواری نے مردم شماری اور سندھ میں جاری وفاقی حکومت کے منصوبوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔
وفد نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت اپنے اتحادیوں کے تعاون سے سندھ بالخصوص کراچی کی ترقی میں موثر کردار ادا کر رہی ہے۔
ایم کیو ایم کے قائدین نے کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے وفاقی حکومت کے منصوبوں کی تعریف کی۔
وزیر اعظم نے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے معاملے پر ان کی توجہ مبذول کرائی اور کہا کہ ان کے استعمال سے انتخابی عمل میں شفافیت آئے گی۔
عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں انتخابی عمل پر الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے مثبت اثرات کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے غربت مٹاؤ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے وزیر اعظم سے ملاقات میں انہیں احساس پروگرام کی چھتری کے تحت اہل خاندان کو ھدف بنائے گئے سبسڈی کی فراہمی سے آگاہ کیا۔
