نواز شریف وطن واپس آئیں گے اور نہ ہی مریم باہر جائے گی

وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے دعویٰ کیا ہےکہ سابق وزیراعظم نوازشریف وطن واپس نہیں آئیں گے۔نوازشریف کی بیٹی مریم نواز پاپا کو ملنے ابھی نہیں جا سکتیں، شہباز شریف اور مریم کے خلاف نئے مضبوط کیسز کھلنے والے ہیں، ایسے میں شہبازشریف واپس آسکتے ہیں مگر نوازشریف کو اللہ حافظ ہے
لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران نوازشریف کی وطن واپسی سے متعلق سوال پر شیخ رشید نے تین بار کہا کہ نوازشریف نہیں آرہے، نہیں آرہے، نہیں آرہے، بات ختم۔ فواد چوہدری کی پنجاب حکومت کی کارکردگی پر تنقید سے متعلق انہوں نے کہا کہ فواد نے جو کہا وہ کہہ سکتے ہیں، میں وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ساتھ ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت جانے کی افواہیں چل رہی ہیں، کچھ نہیں ہوگا، میں عمران خان کا ساتھی ہوں مگر پی ٹی آئی کارکن نہیں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی ہے، بجلی گیس نہیں لیکن ڈیڑھ سال اور دیدیں سب ٹھیک ہو جائے گا، فروری مارچ حکومت کے لیے مشکل مہینے ہیں، پھر سب ٹھیک ہونا شروع ہوجائے گا۔
وفاقی وزیرفیصل واوڈا کی جانب سے شو میں بوٹ لانے سے متعلق سوال پر وزیر ریلوے نے تبصرہ کرنے سے انکار کردی
وزیر ریلوے شیخ رشید نے ایک مرتبہ پھر پیش گوئی کی ہے کہ آرمی ترمیمی ایکٹ کے بعد الیکشن کمیشن بھی تمام سیاسی جماعتوں کی باہمی رضا مندی سے تشکیل پائے گا۔ وزیر ریلوے نے بتایا کہ انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو ‘تمام میڈیا سے صلح’ کا مشورہ دیا ہے۔ وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور نائب صدر مریم نواز کے ‘سنجیدہ کیسز’ سامنے آنے والے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ‘اس کے باوجود نیب آرڈیننس سے متعلق چلمن کے پیچھے ایک بہتر رائے عامہ جاری ہے لیکن انتہاپسندی کے واقعات اور غیر سنجیدہ سیاست بھی ہوجاتی ہے’۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو ‘تمام میڈیا سے صلح’ کا مشورہ دیا ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ حکومت سب کی ہوتی ہے اورمیڈیا کو بھی اپوزیشن کرنے کا حق حاصل ہوتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں میڈیا بہت آزاد ہے اور 24 گھنٹے لائیو نشریات پیش کرتا ہے اس لیے حوصلے سے اس کی تنقید کو سہنا چاہیے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ‘بعض لوگ اپنے ذاتی معاملات کو حکومت کے ساتھ مل کر ٹی وی چینلز کی لڑائی لڑنا چاہتے ہیں، میں اس کی مذمت کرتا ہوں۔
ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ٍْجانتا ہوں کہ مہنگائی بڑھی ہے لیکن عوام ہمیں 3 برس کا وقت دیں‘۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ریلوے میں ملازمین کی بہت بڑی تعداد ریٹائرڈ ہونے والی ہے اور بہت جلد 25 ہزار نوکریاں موجود ہوں گی اور مارچ تک ایک لاکھ نوکریاں نکلیں گی۔
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے آٹے بحران پر نئی منطق پیش کرتے ہوئے کہا کہ لوگ سردیوں میں زیادہ روٹیاں کھاتے ہیں اس لئے ملک میں آٹے کا بحران موجود ہے، لوگوں کے زیادہ روٹیاں کھانے کی وجہ سے آٹا مہنگا ہے.
