اپنی تجویز پر ٹرمپ کا ابتدائی ردِعمل دیکھ لیا ہے، عباس عراقچی
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکا کے حتمی مؤقف کا انتظار ہے، آبنائے ہرمز کھولنے سے متعلق فیصلہ شرائط سے مشروط ہوگا

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ تہران نے اپنی تجویز پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ابتدائی ردِعمل دیکھ لیا ہے، تاہم ثالثوں کے ذریعے امریکا کی جانب سے ابھی تک کوئی باضابطہ جواب موصول نہیں ہوا۔
عباس عراقچی نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران ثالثوں کے ذریعے امریکا کا حتمی مؤقف جاننے کا منتظر ہے اور اسی کی بنیاد پر کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران کی شرائط واضح ہیں اور آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے سے متعلق کوئی بھی پیش قدمی انہی شرائط پر منحصر ہے۔
عباس عراقچی نے کہا کہ صرف بات چیت کے ذریعے طے پانے والا حل ہی موجودہ تعطل کو ختم کرسکتا ہے، یہی ایران کا مؤقف ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کی جانب سے پیش کیا گیا سات روزہ منصوبہ مسترد کرچکے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی مڈٹرم انتخابات کے بعد ایران پر دوبارہ بمباری کے امکان کا بھی اظہار کیا تھا۔
