اپوزیشن متحد نہیں، ان ہاؤس تبدیلی لانا مشکل ہوگا

سینئر صحافی حامد میر کہتے ہیں کہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف سازشوں کا آغاز ہو چکا ہے تاہم موجودہ حالات میں ان ہاؤس تبدیلی آسان نظر نہیں آتی کیونکہ تحریک انصاف میں کپتان کا کوئی متبادل نہیں اور اگر شہباز شریف وزارتِ عظمیٰ کے امیدوار بنے تو مولانا فضل الرحمن اور آصف علی زرداری کا ان کے نام پر راضی ہونا خاصا مشکل ہوگا۔
معروف تجزیہ نگار اور پروگرام کیپٹل ٹاک کے ہوسٹ حامد میر کا گوگلی نیوز ٹی وی کو خصوصی انٹرویو میں پاکستان کے سیاسی حالات بالخصوص وزیراعظم عمران خان کے مستقبل کے حوالے کہنا تھا کہ یقیناً کپتان کے خلاف کوئی کچھڑی پک رہی ہے لیکن ان کے خیال میں ن لیگ کو وہ کچھ نہیں ملے گا جس کا وہ سوچ رہے ہیں ،،کیونکہ ان ہاؤس تبدیلی کی صورت میں عمران خان کی جگہ پارٹی میں کوئی نہیں لے سکتا۔ اور اگر تبدیلی ن لیگ لے کر آتی ہے تو سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا وزارتِ عظمیٰ کے امیدوار میاں شہباز شریف کو مولانا فضل الرحمان اور آصف علی زرداری سپورٹ کریں گے ؟ حامد میر کے بقول میری اطلاع یہ ہے کہ یہ دونوں رہنما شہباز شریف کو اتنی آسانی سے تسلیم نہیں کریں گے۔ اس کے علاوہ اپوزیشن کے پاس فی الحال ان ہاؤس تبدیلی کیلئے کوئی مشترکہ امید وار بھی موجود نہیں ۔
جب حامد میر سے ووٹ کو عزت دینے اور اسٹیبلشمنٹ سے ڈیل سے متعلق سوال پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ یہ اس حوالے سے کافی عرصے سے چہ مگوئیاں شروع ہو گئی تھیں کہ ن لیگ کے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مذ اکرات شروع ہو گئے ہیں۔ چند مہینے قبل جب نواز شریف اور مریم نواز کو جیل کے بعد اسپتال منتقل کیا گیا، تب بھی ان افواہوں کو تقویت ملی کہ درپردہ ن لیگ اور اسٹیبلشمنٹ معاملات طے کر رہی ہے۔ حامد میر نے کہا کہ دو ماہ قبل سنیئر لیگی رہنما خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں معنی خیز بیان دیا جس وہ حکومت کو یہ کہہ رہے تھے کہ آپ کو وہ نہیں پتا، جوہمیں پتا ہے۔ اس طرح کی باتوں سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ن لیگ اور اسٹیبلشمنٹ میں روابط بڑھے ہیں۔ حامد میر کہتے ہیں کہ عدالت عالیہ کی اجازت سے نواز شریف کی جیل سے بیرون ملک روانگی، وزیر اعظم عمران خان کےرویے میں تبدیلی ،رانا ثنا اللہ کی قومی اسمبلی میں تقریر کی حکومتی بینچوں کی جانب سے تائید کرنا ،یہ سب بہت کچھ بتا رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button