اے سی سی الیکشن میں پاکستان کی تاریخی کامیابی، تینوں نشستیں جیت لیں

پاکستان حمایت یافتہ پینل نے بھارتی پینل کو شکست دے کر ایشین کرکٹ کونسل میں اہم کامیابی حاصل کرلی

بینکاک (نیوز ڈیسک) ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے سالانہ اجلاس میں پاکستان کے حمایت یافتہ پینل نے تاریخی کامیابی حاصل کرتے ہوئے بورڈ کی تینوں نشستیں اپنے نام کرلیں۔

اے سی سی کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب پاکستانی پینل نے بورڈ کی تمام نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے، جبکہ بھارت نواز پینل کو سخت مقابلے کے بعد شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ایشین کرکٹ کونسل کے سالانہ اجلاس کے دوران بورڈ کی 3 ڈائریکٹر نشستوں کے لیے پاکستان اور بھارت کے حمایت یافتہ پینلز کے درمیان مقابلہ ہوا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اے سی سی صدر اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کی حمایت یافتہ پینل میں قطر، سنگاپور اور مالدیپ کے نمائندے شامل تھے، جنہوں نے کامیابی حاصل کی۔

اجلاس میں بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی نمائندگی نائب صدر راجیو شکلا نے کی، تاہم بھارت نواز پینل کامیابی حاصل نہ کرسکا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس کامیابی کو محسن نقوی کے لیے ایک اہم کامیابی قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ اسے ایشین کرکٹ کونسل میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کی علامت بھی قرار دیا گیا ہے۔

Back to top button