کوک اسٹوڈیو کا نیا میوزک پلیٹ فارم ’نیو ویوو‘ متعارف، 6 نئے گانوں کا اعلان
جدید موسیقی کے فروغ کے لیے نئے پلیٹ فارم کا آغاز، معروف اور ابھرتے فنکاروں کو تخلیقی آزادی فراہم کی جائے گی

کراچی (نیوز ڈیسک) کوک اسٹوڈیو نے پاکستانی موسیقی اور ثقافت کی نئی لہر کو فروغ دینے کے لیے اپنے نئے میوزک پلیٹ فارم ’نیو ویوو‘ کا باضابطہ اعلان کردیا ہے۔
ستمبر سے شروع ہونے والے اس منصوبے کے تحت معروف اور ابھرتے ہوئے گلوکاروں کے اشتراک سے 6 نئے گانے جاری کیے جائیں گے، جن کا مقصد جدید دور کے تخلیق کاروں کو آزادانہ ماحول فراہم کرنا ہے۔
ایوارڈ یافتہ فلم میکر کمال خان کی سربراہی میں شروع کیے جانے والے اس پلیٹ فارم میں روایتی انداز کے بجائے ہوم اسٹوڈیوز اور بیڈ روم میوزک کلچر کو اجاگر کیا جائے گا۔
’نیو ویوو‘ کے پہلے ایڈیشن میں عاصم اظہر، حسن رحیم، شے گل، ینگ اسٹڈنٹ، مانو، آرین ایس ڈی کیو، افیوزک، عز چغتائی، سباط باطین اور زوہا وسیم جیسے معروف اور ابھرتے ہوئے فنکار شامل ہوں گے۔
اس منصوبے کے تحت ’ماہیا‘، ’دل‘، ’رنگین‘، ’قسم‘، ’شبنم‘ اور ’اے دیوانِ دل‘ سمیت 6 گانے جاری کیے جائیں گے، جن کی موسیقی عبداللہ کاسمبی، علی سومرو، جوکھے، روالیو، طلال قریشی اور عمیر جیسے پروڈیوسرز نے ترتیب دی ہے۔
کمال خان کے مطابق اس پلیٹ فارم کا مقصد فنکاروں کو اپنی تخلیقی صلاحیتوں اور انداز کے مطابق کام کرنے کی مکمل آزادی فراہم کرنا ہے۔
نئے تخلیق کاروں کو شامل کرنے کے لیے ’نیو ویوو پورٹل‘ بھی قائم کیا گیا تھا، جہاں ملک بھر سے ہزاروں گلوکاروں، رقاصوں اور دیگر فنکاروں نے اپنی صلاحیتوں کا اظہار کیا۔
اس عمل کے ذریعے منتخب کیے گئے باصلاحیت فنکاروں کو منصوبے کا حصہ بنایا گیا، جبکہ مستقبل کے لیے بھی ایک وسیع تخلیقی پول تیار کیا گیا ہے۔
دی کوکا کولا کمپنی کے جنرل مینیجر (پاکستان و افغانستان) سمیع وحید کے مطابق کوک اسٹوڈیو گزشتہ 15 سیزنز اور تقریباً 350 گانوں کے ساتھ پاکستان کی ثقافتی شناخت کا اہم حصہ رہا ہے اور اسے دنیا کے کئی ممالک میں پسند کیا گیا ہے۔
’نیو ویوو‘ کوک اسٹوڈیو کے اسی سفر کا نیا باب قرار دیا جا رہا ہے، جو روایتی ہاؤس بینڈ کے بجائے ڈیجیٹل اسٹوڈیوز، لیپ ٹاپ میوزک اور جدید دور کی آزاد موسیقی کو فروغ دے گا۔
