اے پی سی میں کسی کا نام لینا طے ہوا نہ نام لینے سے منع کیا گیا

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں کسی کا نام لینا طے نہیں ہوا تھا لیکن کسی کا نام لینے سے منع بھی نہیں کیا گیا تھا۔
اپنے ایک انٹرویو میں بلاول کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کو متنازع قرار دینے کی ناکام کوشش کی جارہی ہے، تقسیم کرو اور حکومت کرو کی سازشیں پک رہی ہیں لیکن پی ڈی ایم متحد ہے۔انہوں نے کہا کہ غدار غدار کے فتوے بانٹنے والوں کو 2020 میں بھی علم نہیں کہ عوام اس کارڈ کو جانتے ہیں۔پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ جنوری میں لانگ مارچ کرے گی تو فروری میں حکومت کو جانا پڑے گا۔ایک سوال کے جواب میں بلاول نے کہا کہ اپوزیشن کی اے پی سی میں کسی کا نام لینا طے نہیں ہوا تھا لیکن کسی کا نام لینے سے منع بھی نہیں کیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں بلاول بھٹو زرداری نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ پی ڈی ایم کے جلسے میں فوجی قیادت کا نام لینا مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کا اپنا فیصلہ تھا۔ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے جلسے میں نواز شریف کی تقریر سن کر ’دھچکا‘ لگا، انتظار ہے کہ نواز شریف کب ثبوت پیش کریں گے۔
