بالی ووڈ کنگ شاہ رخ بھی اداکارہ میرا کے پرستار نکلے

اداکارہ میرا نے انکشاف کیا ہے کہ ان کا اکثر فنڈ ریزنگ اور فلمی پراجیکٹس کے لیے بھارت جانا رہتا ہے، اداکارہ کے مطابق بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان، سنجے دت اور دلیپ کمار نے ان کو ملاقات کے لیے مدعو کیا، اور یہ تجربہ کافی خوشگوار رہا۔اداکارہ نے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان سے ملاقات کا احوال بتاتے ہوئے کہا کہ شاہ رخ خان کے ساتھ ہر ملاقات بہت اچھی رہی وہ ایک شاندار آدمی ہیں، میرا جو میڈیا میں آئے روز اپنے نت نئے سکینڈلز کے باعث ڈراما کوئین کے نام سے بھی پکاری جاتی ہیں نے حال ہی نجی نیوز چینل کے ایک پروگرام میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنے فلمی کیریئر پر گفتگو کی، انٹرویو کے دوران اداکارہ میرا نے کہا کہ بھارت میں شاہ رخ خان سمیت دیگر بالی ووڈ سٹارز سے ملاقاتیں کیں۔میرا کے مطابق بالی ووڈ میگا سٹار شاہ رخ خان سے 4 مرتبہ ملاقاتیں ہوئیں۔ ہر ملاقات بہت اچھی رہی وہ ایک شاندار آدمی ہیں، شاہ رخ خان سے ایک ملاقات اداکار ابھیشک بچن کی سالگرہ پر اور دوسری ملاقات دلیپ کمار صاحب کے گھر کھانے کی دعوت پر ہوئی، اس کے علاوہ شاہ رخ سے دبئی میں بھی ملاقات ہوئی اور ہر بار ان سے ملاقات کا تجربہ بہت ہی اچھا رہا۔اداکارہ نے کہا کہ میں سونامی کے متاثرین کے لیے فنڈز اکٹھا کرنے بھارت گئی تھی، اداکار سنجے دت نے خود فون کر کے شوز کرنے کو کہا۔ دلیپ کمار نے گھر پر دعوت کی اور مجھے دیکھ کر بہت خوش ہوئے تھے، انہوں نے بہت سراہا اور کہا کہ آپ سے پاکستان کی، لاہور کی خوشبو آ رہی ہے۔واضح رہے کہ پاکستانی فلم انڈسٹری میں میرا کو سکینڈل کوئین کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، میرا کو ان کی غلط انگریزی بولنے کی وجہ سے بھی کافی شہرت حاصل ہے اور وہ اس حوالے سے خبروں کی زینت بھی بنتی رہی ہیں، میرا کا شمار 1990 کی مقبول پاکستانی اداکاراؤں میں ہوتا ہے، کم از کم تین بھارتی فلموں میں بھی کام کر رکھا ہے اور ان کی متعدد متنازع ویڈیوز بھی ماضی میں لیک ہو چکی ہیں
