بجلی 2 روپے 7 پیسے مہنگی کرنے کی سمری

ملک میں بجلی کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد ایک مرتبہ پھر سی سی پی اے نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو بجلی کی قیمت میں 2 روپے 7 پیسے فی یونٹ اضافے کی سمری بھجوا دی ہے ۔
سی سی پی اے نے نیپرا کو بجلی کی قیمت میں 2 روپے 7 پیسے اضافے کی سمری بھجوائی ہے، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا جارہا ہے۔ سمری کی منظوری کی صورت میں صارفین پر25 ارب روپے کا بوجھ پڑے گا۔
سی پی پی اے کے سمری میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ ماہ 15 ارب یونٹ بجلی کی لاگت 106 ارب روپے رہی جب کہ 20 پیسے فی یونٹ لائن لاسز کی نذرہوگئے۔
حکومت نے گزشتہ ماہ ڈیزل پرتاریخ کی مہنگی ترین بجلی پیدا کی، ڈیزل پر22 روپے 62 پیسے فی یونٹ جب کہ فرنس آئل سے بجلی کی پیداواری لاگت 18 روپے 24 پیسے فی یونٹ رہی۔ اسی طرح ایل این جی پربھی 13 روپے 44 پیسے فی یونٹ بجلی پیدا کی گئی۔
