لیسکو کی نیپرا سے بجلی مہنگی کرنے کی درخواست

لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے بجلی صارفین سے اضافی وصولیوں کےلیے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) سے رجوع کرلیا۔ کمپنی نے سہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 2 ارب 35 کروڑ روپے اضافی وصول کرنے کی درخواست دائر کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لیسکو نے اپریل سے جون کے دوران بجلی کی پیداوار اور فروخت میں فرق، کیپسٹی چارجز،ایندھن کی قیمتوں میں اضافے،نیٹ میٹرنگ صارفین کے باعث نظام پر پڑنےوالے اثرات،ٹرانسمیشن چارجز اور دیگر اخراجات کی مد میں اضافی رقم طلب کی ہے۔
لیسکو کا مؤقف ہےکہ بجلی کی فروخت میں کمی کے باعث فی یونٹ لاگت میں اضافہ ہوجاتا ہے، گھریلو صارفین نے گزشتہ سال کے مقابلے میں 8 فیصد جب کہ کمرشل صارفین نے 7 فیصد کم بجلی استعمال کی، کمپنی میں مجموعی طور پر بجلی کے استعمال میں تقریباً 4 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان
لیسکو کےمطابق بجلی کی فروخت کم ہونےسے نظام کے اخراجات پورےکرنے کےلیے فی یونٹ قیمت میں اضافہ ضروری ہوجاتا ہے۔
خیال رہے کہ سہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کی درخواست پر منظوری دینے یا مسترد کرنے کا حتمی فیصلہ نیپرا کرے گی،منظوری کی صورت میں اضافی رقم بجلی صارفین کے بلوں میں شامل کی جاسکتی ہے۔
