بجٹ:وفاق نے کراچی کے 3 اسپتالوں کیلئے 14 ارب روپے مختص کردیے

وفاقی حکومت نے ایک دہائی بعد کراچی کے 3 اسپتالوں قومی ادارہ برائے امراضِ قلب (این آئی سی وی ڈی)، جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) اور قومی ادارہ برائے اطفال (این آئی سی ایچ) کےلیے فنڈز مختص کردیے۔
وفاقی بجٹ برائے سال 21-2020 کے بیان کے مطابق وفاقی حکومت نے ان سپتالوں کو چلانے کےلیے 14 ارب 18 کروڑ روپے مختص کیے جس میں سے 9 ارب 24 کروڑ 20 لاکھ روپے این آئی سی وی ڈی، 3 ارب 87 کروڑ 70 لاکھ روپے جے پی ایم ی اور ایک ارب 7 کروڑ روپے این آئی سی ایچ کےلیے مختص کیے گئے۔
وفاقی فنڈ کا سب سے بڑا حصہ این آئی سی وی ڈی کےلیے مختص کیا تھا جو 9 ارب 24 کروڑ روپے ہے جس کا مقصد نہ صرف کراچی میں موجود مرکزی اسپتال کو چلانا ہے بلکہ سندھ کے دیگر علاقوں میں اس کی شاخوں اور سینے کی تکالیف کے یونٹس کو چلایا جائے گا۔
وفاقی حکومت نے جناح اسپتال کےلیے 3 ارب 87 کروڑ مختص کیے جس میں سے ایک ارب 54 کروڑ روپے اس کے آپریشنل اخراجات اور 15 کروڑ 86 لاکھ 60 ہزار مرمت اور دیکھ بھال پر خرچ کیے جائیں گے۔
خیال رہے کہ مئی 2019 میں وفاقی وزارت صحت نے سپریم کورٹ کے جنوی 2019 میں دیے گئے حکم کے تحت کراچی کے تینوں بڑے اسپتال واپس لینے کا فیصلہ کیا تھا۔
تاہم اس کے بعد سے وفاقی حکومت اسپتالوں کا انتظام سنبھالنے سے گریزاں ہے جو اب تک سندھ حکومت کے پاس ہے۔
دوسری جانب سندھ حکومت نے کورونا سے متعلق 8 کھرب 75 ارب روپے کا پیکج فراہم کرنے کا دعوی کیا ہے جس کی وجہ سے مالی خسارہ مجموعی ملکی پیداوار (جی ڈی پی) کے 2 فیصد بڑھ کر 9.1 فیصد ہوگیا۔
