برازیلی عظیم فٹ بالر ’’پیلے‘‘ کینسر کے موذی مرض کا شکار

دنیائے فٹ بال کے عظیم برازیلی کھلاڑی پیلے کینسر میں مبتلا ہونے کے بعد اب ایک ہسپتال میں اپنے آخری سفر کی جانب گامزن دکھائی دیتے ہیں کیونکہ ڈاکٹروں کے مطابق انکا مرض اب پورے جسم میں پھیل چکا ہے۔ اسکے علاوہ انکو دل کا عارضہ بھی لاحق ہو چکا ہے اور گردے بھی جواب دیتے جارہے ہیں، یہ انکشاف انکی میڈیکل رپورٹ میں کیا گیا ہے۔ 82 سالہ پیلے کو ستمبر 2021 میں سرطان کی تشخیص ہوئی تھی جو بڑی آنت کے کینسر سے لڑ رہے ہیں۔29نومبر کو انہیں ڈاکٹروں نے دوبارہ جائزہ لینے کے لیے ہسپتال میں داخل کرایا تھا اور عظیم فٹبالر تب سے ہسپتال میں ہی ہیں۔

پیلے کی بیٹی کیلی نے انسٹا گرام پوسٹ میں بتایا کہ انہوں نے کرسمس بھی اپنے والد کے ساتھ ہسپتال میں گزارا، ساؤ پالو کے البرٹ آئن سٹائن اسرائیلی ہسپتال سے پوسٹ کرتے ہوئے کیلی نے لکھا کہ ہم نے ڈاکٹروں کے مشورے سے فیصلہ کیا کہ مختلف وجوہات کی بنا پر ہمارے لیے ہسپتال میں رہنا بہتر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہمیشہ کی طرح برازیل اور پوری دنیا سے نچھاور کیے گئے پیار کے لیے آپ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ پیلے کے لیے آپ کی محبت، آپ کی سٹوریز اور آپ کی دعائیں ہمارے لیے راحت کا باعث ہیں کیوں کہ ہم جانتے ہیں کہ ہم اکیلے نہیں۔

اس سے پہلے دسمبر کے پہلے ہفتے میں تین بار ورلڈ کپ میں فتح سمیٹنے والے پیلے نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا تھا کہ وہ اپنی صحت سے متعلق رپورٹس کے بعد باقاعدہ علاج کے بعد بہتر محسوس کر رہے ہیں۔ برازیل کے خبر رساں ادارے نے رواں ہفتے دعویٰ کیا تھا کہ سابق سٹرائیکر کو درد کش شعبے میں منتقل کیا گیا ہے اور بڑی آنت کے کینسر کے علاج کے لیے ان کی کیموتھراپی معطل کر دی گئی ہے۔ یہ عمل ان مریضوں کے ساتھ کیا جاتا ہے جو ناقابل علاج قرار دے دیئے جائیں۔  لیکن پیلے نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’میرے دوستو؛ میں سب کو پرسکون اور مثبت رکھنا چاہتا ہوں۔ میں بہتر ہوں اور بہت سی امیدوں کے ساتھ میں ہمیشہ کی طرح اپنا علاج جاری رکھے ہوئے ہوں، میں اپنے تمام طبی عملے اور نرسنگ ٹیم کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ان کے بقول مجھے خدا پر بہت بھروسہ ہے اور پوری دنیا میں آپ کی طرف سے  ملنے والی محبت کا ہر پیغام مجھے توانائی سے بھر پور رکھتا ہے۔ ہر چیز کے لیے آپ کا بہت شکریہ۔

دوسری جانب پیلے کے ڈاکٹرز کے مطابق انہیں بڑی آنت کے ٹیومر کے بذریعہ کیموتھراپی علاج کے لیے ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا، لیکن انکا کینسر بڑھ گیا ہے اور اب ان کے گردوں اور دل کے مسائل بھی الجھتے جارہے ہیں لہٰذا  انہیں بہت زیادہ دیکھ بھال کی ضرورت ہے۔

یاد رہے کہ اس سے پہلے پیلے کی ستمبر 2021 میں بڑی آنت کا ٹیومر نکالنے کے لیے سرجری کی گئی تھی، یاد رہے کہ پیشہ ورانہ فٹ بال سے ریٹائرمنٹ کے 45 سال بعد بھی برازیل کی قومی ٹیم میں انکا ریکارڈ سب سے نمایاں ہے۔ انہوں نے قومی ٹیم کے لیے سب سے زیادہ 77 گول کرنے کا ریکارڈ بنایا تھا جو موجودہ برازیلی ٹیم کے فارورڈ کھلاڑی نیمار نے برابر کیا ہے، حال ہی میں قطر میں ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ میں برازیل کے کھلاڑیوں نے پچ پر پیلے سے اظہار یکجہتی کے لئے تب ایک بینر آویزاں کیا جب وہ آخری ٹاپ 16 راؤنڈ میں جنوبی کوریا کے خلاف اپنی فتح کا جشن منا رہے تھے، پیلے نے میچ سے قبل اپنے ہم وطن کھلاڑیوں کو پیغام بھیجا تھا۔ انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا تھا کہ 1958 میں، میں اپنے والد سے کیے گئے وعدے کو پورا کرنے کے بارے میں سوچ کر باہر نکلا تھا۔ میں جانتا ہوں کہ آج بہت سے لوگوں نے ایسے ہی وعدے کیے ہیں اور وہ بھی اپنا پہلا ورلڈ کپ جیتنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے لکھا کہ میں ہسپتال سے میچ دیکھوں گا اور میں آپ میں سے ہر ایک کے ساتھ جڑا رہوں گا۔ گڈ لک!‘ خیال رہے کہ پیلے نے 1957 سے 1977 تک شاندار کیریئر کے دوران 831 کلب گیمز میں 757 گول کیے حالانکہ کلب سینٹوس کا دعویٰ ہے کہ ان کی تعداد ایک ہزار کے قریب تھی۔

Back to top button