’’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘‘ کن بھارتی شہروں میں ریلیز ہو رہی ہے؟

پاکستان سمیت دنیا بھر میں 200 کروڑ سے زائد کا بزنس کرنے والی فلم ’’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘‘ کو اب بھارت میں ریلیز کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں، فلم کو نئی دہلی کے ساتھ بھارتی پنجاب کے ساتھ سینما گھروں میں ریلیز کیا جائے گا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق انٹرٹینمنٹ کمپنی اور ملٹی پلیکس چین ‘آئی ناکس لیژر’ کی جانب سے "پاکستانی فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ 39 دسمبر کو بھارت میں ریلیز کی جائے گی۔ یاد رہے کہ تقریباً 10 برس بعد بھارت میں کوئی پاکستانی فلم ریلیز کی جا رہی ہے۔

مذکورہ انٹرٹینمنٹ کمپنی کے چیف پروگرامنگ افسر رجیندر سنگھ جیالا نے بھارت کی سرکاری خبر رساں ادارے ‘پریس ٹرسٹ آف انڈیا’ کو بتایا کہ دی لیجنڈ آف مولا جٹ ریاست پنجاب سمیت دہلی کے ان سنیما گھروں میں ریلیز کی جائے گی جہاں پنجابی زبان بولنے والے افراد ہوں گے۔ اس کے علاوہ بھارت کی ملٹی پلیکس سنیما چین پی وی آر سنیماز نے اپنے آفیشل انسٹا گرام اکاؤنٹ پر پاکستانی فلم ‘دی لیجنڈ آف مولا جٹ’ کی ریلیز کا اعلان کیا تھا بعد ازاں انہوں نے یہ پوسٹ انسٹاگرام سے ڈیلیٹ کر دی تھی۔

اس سے پہلے بھارت کی سیاسی جماعت مہاراشٹرا نونرمن سینا کے رہنما امے کھوپکر نے رواں ماہ کے آغاز میں ٹوئٹر پر بیان جاری کیا تھا کہ بھارت میں پاکستانی فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ کی ریلیز کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے اور سب سے اشتعال انگیز بات یہ ہے کہ اس منصوبے کی قیادت بھارتی کمپنی کر رہی ہے۔انہوں نے کہا تھا کہ اس فلم کو بھارت میں ریلیز نہیں ہونے دیں گے۔ امے کھوپکر نے مزید کہا تھا کہ فواد خان کے مداحوں کو اگر یہ فلم دیکھنی ہے تو وہ پاکستان جا کر ہی دیکھیں۔

یاد رہے کہ ماہرہ خان، فواد خان، حمزہ علی عباسی اور حمائمہ ملک کی ایکشن سے بھرپور فلم ‘دی لیجنڈ آف مولا جٹ’ 13 اکتوبر کو ریلیز کی گئی تھی۔یہ فلم سن 1979 میں ریلیز ہونے والی پنجابی زبان کی کامیاب فلم ‘مولا جٹ’ کا ری میک ہے جس میں سلطان راہی نے مرکزی کردار ادا کیا تھا، ‘دی لیجنڈ آف مولا جٹ’ کو پاکستان فلم انڈسٹری کی تاریخ کی سب سے مہنگی فلم بھی قرار دیا جا رہا ہے۔فلم عمارہ حکمت کی ‘انسائیکلو میڈیا’ اور بلال لاشاری کی ‘لاشاری فلمز’ کے بینر تلے پروڈیوس کی گئی ہے۔

 

Back to top button