بشریٰ نے انیل کپور اور اکشے کمار کے ساتھ کام سے کیوں انکار کیا؟


صرف 9 برس کی عمر میں بطور چائلڈ سٹار اپنے شوبز کیرئیر کا آغاز کرنیوالی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں بھارتی فلم انڈسٹری سے متعدد مرتبہ کام کی آفرز ہوئیں لیکن انہوں نے خود کو پاکستانی شوبز انڈسٹری تک محدود رکھنے کا فیصلہ کیا۔
پی ٹی وی کے مارننگ شو کے دوران بشریٰ انصاری نے بتایا کہ انہیں ایک بھارتی فلم میں انیل کپور کی اہلیہ کے کردار کی بھی پیشکش ہوئی تھی تاہم انہوں نے اس آفر کو قبول نہیں کیا۔ بعد ازاں انہیں اکشے کمار کے ساتھ بھی ایک فلم میں کام کرنے کی آفر ہوئی جو انہوں نے قبول نہیں کی۔ اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے صرف 9 سال کی عمر میں بطور چائلڈ آرٹسٹ کیریئر کا آغاز کیا اور وہ اس زمانے میں ایک طرح سے بچوں کی ہیروئن ہوا کرتی تھیں۔ بشری نے بتایا کہ انہیں بچوں کے پروگرام میں ’پری‘ بنا کر بٹھایا جاتا تھا اور انہوں نے بچوں کے ہی ایک پروگرام میں بنگالی زبان میں گانا گا کر 20 روپے کا انعام جیتا تھا۔ بشری نے ان 20 روپوں کو اپنی پہلی کمائی قرار دیا اور بتایا کہ کچھ ہی ماہ میں ان کی کمائی 90 روپے تک جا پہنچی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ انکی والدہ ان سے وہ پیسے لے کر انہیں صرف چند روپے خرچنے کو دیا کرتی تھیں۔اداکارہ نے بتایا کہ انکی والدہ نے انہیں کم عمری میں ان کی فرمائش پر ایک گھڑی دلوائی اور بتایا کہ اسکی قیمت 90 روپے ہے، تاہم بعد ازاں جب وہ گھڑی ٹوٹی اور وہ انہیں بنوانے گھڑی ساز کے پاس گئیں تو انہیں معلوم ہوا کہ اس کی قیمت 16 روپے ہے۔
بشریٰ انصاری نے بتایا کہ انہوں نے لاہور کے پی ٹی وی سینٹر سے کیریئر کا آغاز کیا تاہم جلد ہی وہ اسلام آباد اور کراچی سینٹرز سے بھی کام کرنے لگیں چوںکہ تب مشرقی پاکستان بھی ملک کا حصہ تھا اس لیے پروگراموں میں بنگالی زبان کے گانے بھی شامل ہوتے تھے۔ بشری نے اعتراف کیا کہ وہ اپنے والد اور معروف لکھاری احمد بشیر مرحوم کی حوصلہ افزائی کی وجہ سے شوبز کی دنیا میں آگے بڑھتی رہیں حالانکہ والدہ کی جانب سے ان پر پابندیاں لگتی تھیں۔
بشریٰ نے بتایا کہ ان کی اداکاری کو نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ملک بھی پسند کیا گیا اور انہیں بالی ووڈ فلموں کی پیش کش بھی ہوئی۔ بالی وڈ فلم ’خاموش پانی‘ میں مسلمان خاتون ’عائشہ خان‘ کے کردار کی پیش کش ہوئی تھی مگر 2003 میں بیٹیوں کی تعلیم کی وجہ سے اسے مسترد کیا۔میری طرف سے انکار کے بعد یہ کردار کرن کھیر کو آفر کیا گیا تھا۔
بشریٰ نے بتایا کہ کچھ سال قبل انہیں ایک اور بالی وڈ فلم کی پیشکش کی گئی تھی جس میں انہیں انیل کپور کی بیوی کا کردار ادا کرنے کی آفر ہوئی، انیل کی فلم میں کام کرنے سے انکار کے بعد میری جگہ بالی وڈ اداکارہ شفالی شاہ کو کاسٹ کیا گیا۔ یاد رہے کہ انیل کپور اور شفالی شاہ کی فلم ’دل دھڑکنے دو‘ 2015 میں ریلیز ہوئی تھی۔ بشریٰ نے انکشاف کیا کہ 2018 میں بھی انہیں ییش راج فلمز کی جانب سے اکشے کمار کے ایک ساتھ فلم میں کام کرنے کی پیش کش ہوئی تھی۔ اکشے کمار کی فلم میں انکو سکھ والدہ کا کردار ادا کرنا تھا جبکہ ان کے ساتھ سویرا ندیم کو بھی کاسٹ کیا گیا تھا مگر پھر جموں و کشمیر میں ’پلوامہ‘ حملہ ہو گیا اور پاک بھارت رابطے منقطع ہو گے۔ سینئر اداکارہ نے ایک سوال پر بتایا کہ پنجابی، اردو اور انگریزی کے علاوہ انہیں سندھی اور سرائیکی زبان پوری طرح سمجھ آتی ہیں مگر وہ سندھی اور سرائیکی بول نہیں پاتیں۔

Back to top button