’پاوری گرل‘ دنانیر مبین نے ڈراموں میں انٹری ڈال دی

کچھ عرصہ پہلے سوشل میڈیا پر "یہاں پارٹی ہو رہی ہے” والی ویڈیو سے ملک بھر میں مقبولیت حاصل کرنے والی ‘پاوری گرل’ دنانیر مبین
نے پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری میں انٹری ڈال دی ہے۔
ڈرامہ سیریل ’’صنف آہن‘‘ کی کاسٹ سے مداحوں کی بڑی تعداد واقفیت رکھتی ہے لیکن اب اس ڈرامے میں سوشل میڈیا سے مقبولیت حاصل کرنیوالی پاوری گرل دنانیر مبین بھی شامل ہو گئی ہیں جوکہ اس ڈرامہ سے اپنے کیرئیر کا آغاز کر رہی ہیں۔
دنانیر مبین رواں برس فروری میں راتوں رات تب سوشل میڈیا سٹار بن گئی تھیں جب انکی مختصر ویڈیو ’یہ ہماری کار ہے، یہ ہم ہیں اور یہاں ہماری ’پاوری‘ ہو رہی ہے‘ کہنے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔ویڈیو کے بعد اگرچہ دنانیر مبین پی ایس ایل کے درمیان بھی کرکٹ ٹیموں کی تشہیری مہم دکھائی دیں اور بعد ازاں دنانیر نے مختلف مصنوعات کے اشتہارات میں بھی کام کیا۔
تاہم دنانیر مبین نے میڈیا میں شہرت حاصل کرنے کے بعد واضح کیا تھا کہ گھر والوں نے ان کی حدود متعین کر رکھی ہیں اور انہیں اداکاری کی اجازت نہیں ملے گی لیکن اب جلد ہی وہ اداکاری کا آغاز کرنے جا رہی ہیں۔ آئی ایس پی آر کے ڈرامہ ’صنف آہن‘ کے ٹریلر میں دنانیر مبین کو فوجی یونیفارم میں تربیت لیتے ہوئے دکھایا گیا ، ٹریلر میں تصدیق کی گئی کہ دنانیر مبین ڈرامے میں ’سیدہ سدرہ‘ کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی اگرچہ دنانیر مبین بھی ’صنف آہن‘ کا حصہ ہوں گی تاہم وہ ڈرامے کی مرکزی کاسٹ میں شامل نہیں ، وہ معاون یا مختصر کردار میں دکھائی دیں گی۔
دنانیر کی طرح ’صنف آہن‘ میں ماڈل میرب علی، گلوکار عاصم اظہر، عثمان مختار اور شہریار منور بھی معاون یا مختصر کرداروں میں دکھائی دیں گے ، ڈرامے کی مرکزی کہانی، کبریٰ خان، سجل علی، یمنیٰ زیدی، رمشا خان اور سائرہ یوسف کے گرد گھومتی ہے جوکہ عام گھرانوں کی لڑکیاں ہوتی ہیں مگر فوج میں شمولیت اختیار کرنے کے بعد ان کی زندگی تبدیل ہوجاتی ہے۔ اس ڈرامے میں سری لنکن اداکارہ یحالی تاشیا کا بھی اہم کردار ہے جو کہ ڈرامے میں سری لنکن فوجی کیڈٹ ’نتھمی پریرا‘ کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی جو تربیت حاصل کرنے پاکستان آتی ہیں۔’صنف آہن‘ میں سائرہ یوسف مسیحی فوجی لڑکی ’آرزو ڈینیئل‘ جبکہ رمشا خان بلوچ فوجی افسر ’پرویش جمال‘ کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔
اس ڈرامے میں یمنیٰ زیدی پشتون فوجی افسر ’شائستہ خانزادہ‘ جب کہ کبریٰ خان شہری فوجی افسر ’ماہجبین مستان‘ کا کردار ادا کریں گی، سجل علی ڈرامے میں ’کیپٹن دانیال‘ کا کردار ادا کریں گی۔
ڈرامے کی ہدایات ندیم بیگ نے دی ہیں جبکہ اسے ہمایوں سعید کی اہلیہ ثمینہ سعید اور ثنا شاہنواز نے پروڈیوس کیا ہے جبکہ ڈرامے کو بنانے میں آئی ایس پی آر نے بھی تعاون کیا ، ڈرامے کو جلد اے آر وائے ڈیجیٹل پر نشر کیا جائے گا تاہم اس کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔
ہدایت کار ندیم بیگ کے جلد ریلیز ہونے والے ڈرامے ’صنف آہن‘ کے تمام مرکزی کرداروں کے ٹیزر جاری کیے جانے کے بعد اب پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے ڈرامے کا ٹریلر بھی جاری کر دیا۔ مختصر دورانیے کے ٹریلر میں ’صنف آہن‘ کی تمام مرکزی اداکاراؤں یعنی سجل علی، یمنیٰ زیدی، رمشا خان، سائرہ یوسف اور کبریٰ خان سمیت سری لنکن اداکارہ یحالی تاشیا کے کرداروں کی فوج میں شمولیت کی جدوجہد کو دکھایا گیا ہے۔
