بلاول ہاؤس کراچی کے قریب دہشت گردی کی بڑی کوشش ناکام

کراچی میں بلاول چورنگی کے قریب چینی ریسٹورنٹ کے قریب نصب کیا گیا بم ناکارہ بنا دیا گیا۔ کراچی کے علاقے کلفٹن بلاک 2 میں بلاول ہاؤس چورنگی کے قریب واقع چینی ریسٹورنٹ کے باہر کھڑی گاڑی ویگو میں بم کی موجودگی کی اطلاع موصول ہوئی۔
گاڑی مذکورہ چینی ریسٹورنٹ کے مالک کی تھی اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے موقع پر پہنچ کر بم کو ناکارہ بنا دیا۔ موٹر سائیکل پر موجود دو مشتبہ افراد نے گاڑی نمبر کے بی-3088 میں بم نصب کیا تھا جسے بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ناکارہ بنا دیا۔ دوسری جانب پولیس ذرائع نے بتایا کہ کلفٹن بلاک 2 میں چائنہ ٹاؤن ہوٹل کے سامنے مشکوک گاڑی کی موجودگی کی اطلاع موصول ہوئی اور لاوارث ٹویوٹا ہائی لیکس ریوو میں بم کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس مددگار پر دی گئی۔ ذرائع نے بتایا کہ مشکوک ڈبل کیبن گاڑی پر میگنیٹک ڈیوائس چسپاں کی گئی تھی اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے میگنیٹک بم کو گاڑی سے علیحدہ کر لیا۔ انہوں نے بتایا کہ ڈیوائس کےساتھ ایک کلوسے زائد بارودی مواد تھا اور ملزمان نے دور جا کر ریموٹ کی مدد سے بم پھاڑنےکی کوشش کی لیکن بم کے ساتھ منسلک ڈیٹونیٹر پھٹا مگر مکمل ڈیوائس نہ پھٹ سکی۔ پولیس ذرائع کے مطابق ڈیوائس میں ٹیکنِیکل خرابی آجانےسے دھماکا نہیں ہوا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی تک بم نصب کرنے والوں کے بارے میں کچھ علم نہیں ہو سکا البتہ اس سلسلے میں تحقیقات جاری ہیں۔بم ڈسپوزل اسکواڈ مزید جانچ کے بعد بم کی تفصیلات سے آگاہ کرے گا۔
واضح رہے کہ کراچی میں گزشتہ چند ماہ سے ایک بار پھر پرتشدد واقعات میں اضافہ فائرنگ اور دستی بم حملوں کے واقعات پیش آرہے ہیں۔رواں سال 21 اکتوبر کو کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں مسکن چورنگی کے قریب رہائشی فلیٹس میں دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں کم از کم 5 افراد جاں بحق جبکہ 20 زخمی ہو گئے تھے۔اس سے قبل کراچی میں یونیورسٹی روڈ پر جماعت اسلامی کی کشمیر ریلی میں دستی بم حملے میں 33 افراد زخمی ہوگئے تھے۔8 جولائی کو شہر قائد کے علاقے سچل میں نامعلوم ملزمان کے دستی بم حملے میں رینجرز کے سابق افسر جاں بحق ہوگئے تھے۔19 جون کو لیاقت آباد 10 نمبر میں احساس پروگرام کے دفتر پر نامعلوم افراد کے دستی بم حملے میں ایک شخص جاں بحق اور رینجرز اہلکار سمیت 8 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button