بڑے سیاسی رہنماؤں میں کس کو کیا پسندہے کیا ناپسند؟

8 فروری کو ہونے والا الیکشن آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے اور عوام اپنے مستقبل کے لیڈرز کا چناؤ کرنے جا رہے ہیں۔آپ نے اپنوں کو ووٹ ڈالنا ہے، یقیناً عوام اپنے من پسند لیڈرز کے بارے میں بہت کچھ جانتے ہیں اور حالیہ دنوں میں انھوں نے بہت کچھ اچھی طرح جان لیا ہوگا۔کامیابی کی صورت میں وہ اپنے ملک اور عوام کیلئے کیا کیا کریں گے اور اس سے زیادہ بھی کچھ غیر سیاسی باتیں آپ کے علم میں آچکی ہوں گی لیکن ہم آپ کو کچھ اور بتانا چاہ رہے ہیں وہ کچھ جو شاید بلکہ یقیناً کم ہی لوگوں کے علم میں ہوگا۔کچھ پسندیدہ اور کچھ شاید ناپسندیدہ بھی مثلاً ان کے عشق کے بارے میں، پسندیدہ گلوکار، خوشبو، فلم، کھیل، آئیڈل، کس نے بے وفائی کی، لومیرج کے حوالے سے اور ان کی ذات سے جڑے متعلقہ امور بارے بتاتے ہیں۔
تین مرتبہ وزیراعظم رہنے والے نواز شریف جن کے چوتھی بار منتخب ہونے کے حوالے سے ان کے چاہنے والوں کی بڑی تعداد انتہائی پراعتماد ہے لیکن شاید وہ بھی نہ جانتے ہوں کہ ان کی پسندیدہ شخصیت کا مرغوب کھانا مچھلی اور دال چاول ہے، اچھے کپڑوں کا جنون کی حد تک شوق، مشاغل میں فیملی کیساتھ گپ شپ، عہد کرکے مکر جانے والے کو ناپسندیدہ شخص اور ٹی وی پر محض سیاسی پروگرام دیکھتے ہیں، ان کی پسندیدہ اداکارہ کا تعلق 1970 کی فلموں سے ہے۔
الیکشن جیتنے کی صورت میں وزارت عظمیٰ کے سب سے کم عمر امیدوار بلاول بھٹو جو آکسفورڈ سے فارغ التحصیل ہیں، ان کا پسندیدہ لباس شلوار قمیض ہے، اپنی شادی کا موضوع انتہائی مختصر، پسندیدہ ڈش حلیم ہے فلم دیکھنے کا وقت ہی نہیں ملتا۔
بیرسٹر گوہر علی خان جو اتفاقی طور پر اس صف میں شامل ہیں انہیں کانٹیننٹل ناشتہ اور چائینز فوڈ پسند ہے، اخبار پڑھنے کا وقت نہیں سرخیاں دیکھتے ہیں، ڈاکٹر یا پائلٹ بننا چاہتے تھے حالات نے قانون دان اور اب سیاستدان بنا دیا، ان کا پسندیدہ لیڈر عمران خان اور ناپسندیدہ رابرٹ مگابے ہے۔
مولانا فضل الرحمٰن منافق لوگوں کو انتہائی ناپسند کرتے ہیں، عورتوں کے پردے اور لو میرج کے حامی لیکن فریقین کی رضامندی سے، فرماتے ہیں عشق کیلئے وقت ہی نہیں ملا، گھڑ سواری اور شکار کے شوقین ہیں ان کے نزدیک سیاست میں بے وفائی ہو ہی جاتی ہے، پسندیدہ کھانا سرید یعنی روٹی اور گوشت کا ملغوبہ، ٹی وی بوقت ضرورت دیکھتے ہیں۔
سراج الحق کی پسندیدہ شخصیت ذوالفقار علی بھٹو اور قاضی حسین احمد ہے، وہ بلاجھجھک بتاتے ہیں دوران تعلیم مسکول میں بڑی مار پڑی، سیر کے شوقین، صرف خالص دودھ کی چائے پیتے ہیں، پسند کی شادی کے حامی ہیں، فٹ بال پسندیدہ کھیل ہے۔
سعد رضوی خود کو بے زوق سمجھتے ہیں، عشق ان کیلئے ناممکنات، پسندیدہ فلم اسٹیبلشمنٹ ہے، اسکول میں مار پڑتی تھی، نامحرم سے پردے کے حامی ہیں، پسندیدہ گلوکار نصرت فتح علی اور گلوکارہ ام کلثوم ہیں اور پسندیدہ خوشبو عود ہے۔
