بھارتی اداکارہ شبانہ اعظمی زندگی کی 73 بہاریں دیکھ لیں

گاندھی انٹرنیشنل ایوارڈ حاصل کرنے والی پہلی بھارتی اداکارہ شبانہ اعظمی ںے زندگی کی 73 بہاریں دیکھ لی ہیں، شبانہ اعظمی نے 4 نیشنل فلم ایوارڈز بھی حاصل کر رکھے ہیں۔شبانہ اعظمی کا تعلق حیدرآباد دکن کے ایک سید گھرانے سے ہے اور وہ 18 ستمبر 1950کو دہلی میں پیدا ہوئی تھیں۔ ان کے والد مشہور شاعر کیفی اعظمی تھے جبکہ والدہ شوکت اعظمی تھیٹر کی معروف اداکارہ تھیں اور دونوں ہی کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے ارکان تھے۔شبانہ اعظی کے بھائی بابا اعظمی سنیماٹو گرافر ہیں اور ان کی بھابھی تنوی اعظمی بھی ایک اداکارہ ہیں۔ شبانہ کے والدین انہیں منی کے نام سے پکارتے تھے۔ شبانہ 11 سال کی عمر تک منی کے نام سے ہی جانی جاتی رہیں پھر علی سردار جعفری نے انہیں شبانہ کا نام دیا۔شبانہ نے سینٹ زیویئر کالج سے گریجویشن مکمل کی اور اس کے بعد انہوں نے پونے فلم انسٹی ٹیوٹ میں داخلہ لیا، انہوں نے پونے میں اداکاری کی تربیت حاصل کی اور تھیٹر سے وابستہ ہوگئیں، اس کے بعد وہ فلموں میں قسمت آزمانے کے لیے 1973 میں ممبئی آگئیں جہاں ان کی ملاقات پروڈیوسرو ہدایت کار خواجہ احمد عباس سے ہوئی جنہوں نے انہیں اپنی فلم فاصلے میں کام کرنے کی پیشکش کی۔ اس فلم کی تکمیل سے قبل ان کی فلم انکور ریلیز ہوگئی۔ شیام بینیگل کی ہدایت کاری میں بنی یہ 1974 میں ریلیز ہوئی۔ یہ فلم حیدرآباد کے ایک سچے واقعے پر مبنی تھی۔ اس فلم میں ان کی شاندار اداکاری پر انہیں بہترین اداکارہ کا قومی ایوارڈ دیا گیا۔1975 میں شبانہ اعظمی کو شیام بینیگل کی فلم نشانت میں دوبارہ کام کرنے کا موقع ملا۔ 1977 شبانہ اعظمی کے فلمی کیریئر میں ایک اہم پڑاؤ ثابت ہوا، اس سال انہیں عظیم فلم ساز ستیہ جیت رے کی فلم شطرنج کے کھلاڑی میں کام کرنے کا موقع ملا۔ اس کے ساتھ ہی انہیں فلم سوامی میں بہترین اداکاری کے لیے بہترین اداکارہ کا فلم فیئر ایوارڈ دیا گیا۔شبانہ نے بے شمار آرٹ فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ چند کمرشل فلمیں بھی کیں۔ فلم ،ٹی وی اور تھیٹرمیں اپنی اداکارانہ صلاحیتوں کا مظاہر ہ کرنے والی شبانہ اعظمی ایک سماجی کارکن بھی ہیں۔ وہ پہلی ہندوستانی خاتون ہیں جنہیں 2006 میں گاندھی انٹرنیشنل ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس کے علاوہ وہ 4 نیشنل فلم ایوارڈز سے بھی نوازی گئیں۔1970ء کی دہائی میں شبانہ اعظمی کی منگنی بنجامن گیلانی سے ہوئی تھی لیکن بعد میں یہ منگنی ٹوٹ گئی۔ 9 دسمبر 1984 کو ان کی شادی شاعر جاوید اختر سے ہو گئی اور یوں وہ اختر اعظمی فلم فیملی کا حصہ بن گئیں۔ جاوید اختر کی پہلی شادی ہنی ایرانی سے ہوئی تھی۔ ہنی ایرانی سے جاوید اختر کی دو اولادیں زویہ اختر اور فرحان اختر ہیں۔ شبانہ کے خاندان نے ان کی ایک شادی شدہ اور صاحب اولاد مرد سے شادی پر اعتراض کیا تھا۔انکور، ارتھ، پار،گاڈ مدر، تھوڑی سے بے وفائی، معصوم،منڈی،امر اکبر انتھونی، اسپرش، بھاؤنا، لباس، مکڑی اور تہذیب سمیت 120سے زائد ہندی فلموں میں کام کرکے شبانہ اعظمی نے کئی بالی ووڈ اور انٹرنیشنل ایوارڈزاپنے نام کیے۔شبانہ اعظمی کو 5 فلم فیئر ایوارڈز بھی مل چکے ہیں اور انہیں ہندوستان کے تیسرے بین الاقوامی فلمی میلے میں ’سنیما کی خواتین‘ سے بھی نوازا گیا، 1988 میں حکومت نے انہیں ملک کے چوتھے سب سے بڑے شہری اعزاز پدما شری سے نوازا
