بھارتی اداکار کی جان بچانے کیلئے ڈاکٹروں نے ٹانگ کاٹ دی

بھارت کی کناڈا فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے اداکار سورج کمار خطرناک ٹریفک حادثے میں اپنی دائیں ٹانگ کھو بیٹھے۔24 سالہ سورج کمار فلمی دنیا میں ڈیبیو کرنے ہی والے تھے کہ وہ میسور ہائی وے پر ہونے والے حادثے میں شدید زخمی ہوگئے جس کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
ڈاکٹروں نے سورج کمار کا معائنہ کیا جس کے بعد اداکار کی زندگی بچانے کے لیے ڈاکٹروں کو ان کی گھٹنے کے نیچے سے سیدھی ٹانگ کاٹنا پڑی۔
خیال رہے کہ سورج کمار معروف اداکار شیوا راج کمار کے قریبی رشتے دار تھے، سورج ‘رتھم‘ نامی فلم میں کام کر رہے تھے جب کہ پریا پرکاش کے ساتھ بھی ایک پراجیکٹ پر پیشرفت جاری تھی۔
2019 میں سورج کمار کو مرکزی اداکار کے طور پر راجو کووی کی ایک فلم میں لانچ کیا جانا تھا لیکن بعدازاں کسی نامعلوم وجوہات کی بنا پر ان کو متعارف نہیں کرایا گیا۔
اس کے بعد وہ انوپ انتھونی کی فلم ‘بھگوان شری کرشنا پرماتھما’ سے اپنا ڈیبیو کرنے والے تھے، لیکن یہ فلم بھی متعدد وجوہات کی بنا پر نہیں بن سکی۔
