’’بھارتی لیجنڈ دلیپ کمار کے گھر کو مسمار کرنے کا فیصلہ‘‘

معروف بھارتی لیجنڈری اداکار دلیپ کمار کے یادگاری گھر کو مسمار کرنے کرنے کی تیاری کر لی گئی ہے، گھر کی جگہ پر نیا رہائیشی پراجیکٹ بنایا جایا جائے گا جس میں دلیپ کمار کے زیر استعمال اشیا کا میوزیم بھی بنایا جائے گا۔
نئے پراجیکٹ کی تعمیر اور پرانے گھر کو مسمار کرنے میں اہل خانہ اور رشتہ داروں کی مرضی شامل ہے، انٹرٹینمنٹ کی خبروں کے لیے مشہور ویب سائٹ ’پنک وِلا‘ کے مطابق اس 1 لاکھ 75 ہزار مربع فُٹ کی زمین پر بننے والے رہائشی منصوبے میں ایک میوزیم بھی شامل ہوگا جہاں اداکار کی فلمی زندگی کے یادگار لمحات کو محفوظ کیا جائے گا۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق یہ رہائشی منصوبہ 11 منزلوں پر مشتمل ہوگا جس میں دلیپ کمار کا خاندان اور آشار گروپ شراکت دار ہوں گے اور اس منصوبے سے 900 کروڑ کا منافع ہونے کی توقع ہے۔دلیپ کمار کا یہ بنگلہ پہلے بھی قانونی پیچیدگیوں کی وجہ سے خبروں کی زینت رہا ہے، 2017 میں دلیپ کمار کے خاندان کی جانب سے ایک رئیل اسٹیٹ کمپنی پر یہ الزام لگایا تھا کہ وہ جعلی کاغذات بنوا کر دلیپ کمار کی زمین پر قبضہ کرنا چاہتی ہے۔ ان کی زمین کا یہ معاملہ عدالت میں بھی چلتا رہا اور آخر کار دلیپ کمار کی بیوی نے یہ مقدمہ جیتا اور اعلان کیا کہ انہیں اس بنگلے کی چابیاں مل گئی ہیں۔خیال رہے کہ جولائی 2021 میں دلیپ کمار طویل بیماری کے بعد 98 سال کی عمر میں چل بسے تھے، دلیپ کمار کی پہلی فلم ’جوار بھاٹا‘ 1944اور آخری فلم ’قلعہ‘ 1998 میں ریلیز ہوئی۔ اس طرح 54 برس پر محیط کیریئر میں محض 62 فلمیں کرنے کے باوجود وہ ہندی سینما کے سب سے عمدہ اور ہمہ جہت اداکار مانے جاتے ہیں۔ اس وقت ایک عمومی خیال تھا کہ سٹار کو زیادہ سے زیادہ فلمیں کرنی چاہئیں تاکہ وہ اپنی موجودگی کا مسلسل احساس دلا سکیں لیکن دلیپ کمار نے اس معاملے میں بھی الگ راستہ چنا۔فلم میں بہترین ادکاری کی بنیاد پر انہیں آٹھ بار فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا گیا جو ابھی تک ایک ریکارڈ ہے، ان کے مدمقابل مرکزی کردار میں سب سے زیادہ وجنتی مالا جلوہ گر ہوئیں۔ دونوں کی ایک ساتھ سات فلمیں ہیں۔ ان کے مدھو بالا سے پس پردہ رومانوی تعلقات اور سکرین پر کیمسٹری ہمیشہ فلم بینوں کے لیے دلچسپی کا موضوع رہی۔

Back to top button