بیٹے کی پیدائش پر احمد علی بٹ بے ہوش کیوں ہوئے؟


بچے کی پیدائش والدین کے لیے زندگی کا ناقابل فراموش لمحہ ہوتی ہے،اور وہ خوشی کے اس موقع سے لطف اندوز بھی ہوتے ہیں، لیکن اب پتہ چلا ہے کہ معروف کامیڈین اور ٹی وی میزبان احمد علی بٹ اپنے بیٹے کی پیدائش پر بے ہوش ہو گئے تھے۔ احمد بٹ کی اہلیہ فاطمہ بٹ نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے ہاں بچے کی پیدائش کے وقت ان کے شوہر ان کے ساتھ ’لیبر روم‘ میں موجود تھے، جہاں وہ اچانک بے ہوش ہو گئے تھے۔ احمد اور فاطمہ کے ہاں اکتوبر 2014 میں بچے کی پیدائش ہوئی تھی، دونوں نے 2013 میں شادی کی تھی۔ بچے کی پیدائش برطانوی دارالحکومت لندن میں ہوئی تھی اور ان ہی دنوں احمد بٹ ’جوانی پھر نہیں آنی‘ نامی فلم کی شوٹنگ میں بھی مصروف تھے۔ حال ہی میں بیٹے اذان کی سالگرہ کے موقع پر دونوں ندا یاسر کے ’مارننگ شو‘ میں شریک ہوئے، جہاں دونوں نے نجی زندگی سمیت مختلف معاملات پر کھل کر بات کی اور بتایا کہ کس طرح دونوں میاں بیوی ایک دوسرے کی مدد کرتے ہیں۔

احمد علی بٹ کی اہلیہ نے اپنے شوہر کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا کہ احمد ان کی بہت مدد کرتے ہیں، اور ہر کام میں انکا ہاتھ بٹاتے ہیں۔ اس موقع پر احمد بٹ نے بھی اہلیہ کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا کہ گھر اور بچے کی دیکھ بھال زیادہ تر ان کی اہلیہ ہی کرتی ہیں، جس پر وہ انکے مشکور ہیں۔

پروگرام میں بات کرتے ہوئے دونوں نے بتایا کہ وہ زیادہ بچوں کی خواہش نہیں رکھتے، اور چاہتے ہیں کہ ان کا مختصر خاندان ہو۔ یاد رہے کہ دونوں کی شادی کو 9 سال گزر جانے اور بیٹے کی عمر 8 سال ہو جانے کے باوجود انکے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش نہیں ہوئی۔ اب یہ نہیں پتا کہ دونوں کو وقت نہیں ملا یا کہ موڈ نہیں بنا۔ جوڑے نے اپنے ہاں بچے کی پیدائش کا واقعہ سناتے ہوئے بتایا کہ ان کا بیٹا لندن کے ہسپتال میں پیدا ہوا، جہاں پیدائش سے متعلق الگ ہی قوانین ہیں۔

احمد بٹ نے بتایا کہ لندن میں اہلیہ کے ساتھ شوہر کو بھی وہ تمام کورسز، طبی ہدایات اور طریقہ کار بتائے اور سکھائے جاتے ہیں جو بچے کی پیدائش کے وقت خاتون کو سکھائے اور بتائے جاتے ہیں۔ انہوں نے مسکراتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے وہ تمام کورسز کیے جو ان کی بیوی نے کیے۔ اداکار کے مطابق جب ان کی اہلیہ کے ہاں بچے کی پیدائش متوقع تھی تو ہسپتال کا عملہ زبردستی انہیں اپنے ساتھ کیبر روم میں لے گیا اور کہا کہ بچہ پیدا کرنے کے لیے آنے والی خاتون ان کی وجہ سے ہی ہسپتال پہنچی ہیں، لہٰذا انہیں بھی ساتھ رہنا پڑے گا۔

اسی دوران فاطمہ بٹ نے بتایا کہ جب لیبر روم میں بچے کی پیدائش کا عمل شروع ہوا تو ان کے شوہر ان کی تکلیف دیکھ کر بے ہوش ہو گئے۔ فاطمہ کے مطابق لیبر روم میں موجود عملے میں سے نصف کو ان کے شوہر کو بچانے میں مصروف ہو گئے جب کہ باقی عملے نے ان کا ساتھ دیا۔ انہوں نے بتایا کہ لندن میں بچے کی پیدائش کے وقت شوہر کو بیوی کے ساتھ ہی لیبر روم میں رکھا جاتا ہے، اور پاکستان میں بھی ایسا ہونا چاہئے، اداکار کی اہلیہ نے بتایا کہ بچے کی پیدائش کا عمل آنکھوں سے دیکھنے کے بعد احمد علی بٹ میں کافی تبدیلی آ گئی اور وہ انکا پہلے سے بہت زیادہ خیال رکھنے لگے۔

Back to top button