تحریک انصاف امیر ترین،بلوچستان عوامی پارٹی غریب ترین جماعت قرار

الیکشن کمیشن کی طرف سے سیاسی جماعتوں کے اثاثون کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق حکومتی جماعت پاکستان تحریک انصاف ملک کی امیر ترین جبکہ حکومتی اتحادی بوچستان عوامی پارٹی ملک کی غریب ترین جماعت قرار پائی ہے.
الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کے مالی سال 2018-19 کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کر دیں جس کے مطابق 125 سے زائدرجسٹرڈ سیاسی جماعتوں میں سے 82 نے تفصیلات جمع کرائیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق تحریک انصاف نے 22 کروڑ 53 لاکھ مالیت کے اثاثے ظاہر کیے،تحریک انصاف کے اثاثوں میں گزشتہ 1 سال کے دوران 9 کروڑ روپے کی کمی ہوئی، چیئرمین عمران خان نے اپنے بیان حلفی میں کہا ہے کہ تحریک انصاف کو ممنوعہ ذرائع سے کوئی فنڈنگ نہیں ہوئی۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف نے 1 سال میں 50 کروڑ 87 لاکھ سے زیادہ اخراجات کئے۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے پاس 16 کروڑ روپے کا بینک بیلنس ہے جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کوایک سال میں 1 کروڑ 35 لاکھ روپے کا چندہ ملا۔ پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے اثاثوں کی مالیت 70 لاکھ 16 ہزار روپے ہے جس میں سے 2 کروڑ سے زائد کے اخراجات کیے اور آمدن 57 لاکھ ہوئی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق مسلم لیگ ن کے بھی آمدن سے زائد اخراجات ہوئے،مسلم لیگ ن کو 1 کروڑ 55 لاکھ روپے آمدن ہوئی جبکہ ایک سال میں 20 کروڑ روپے اخراجات ہوئے، مسلم لیگ ن کے اثاثوں کی مالیت 8 کروڑ 17 لاکھ روپے ہے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ شیخ رشید کی عوامی مسلم لیگ غریب ترین سیاسی جماعتوں میں شامل ہے. شیخ رشید کی پارٹی اکاؤنٹ میں صرف ڈھائی لاکھ روپے موجود ہیں۔ بلوچستان عوامی پارٹی کے پاس 2 لاکھ 31 ہزار روپے کا بینک بیلنس ہے۔
ایم کیو ایم کے پاس 4 کروڑ 19 لاکھ کے اثاثے ہیں،ایم کیو ایم پاکستان نے چندے کی مد میں 4 کروڑ 79 لاکھ روپے اکٹھے کیے۔ جماعت اسلامی 90 لاکھ 18 ہزار روپے کے اثاثوں کی مالک ہے جبکہ مسلم لیگ ق کے پاس 4 کروڑ 99 لاکھ روپے مالیت کے اثاثے ہیں۔
