توشہ خانہ مینجمنٹ، ریگولیشن بل سینیٹ میں جمع

توشہ خانہ مینجمنٹ اور ریگولیشن بل سینیٹ میں جمع کرا دیا گیا ہے، جس کے مطابق بل کا اطلاق سرکاری عہدے داران کے علاوہ وفد میں شامل نجی افراد پر بھی ہوگا، بل کا اطلاق صدر مملکت، وزیرِاعظم، افواج اور عدلیہ کے ارکان پر بھی ہوگا۔

بل میں کہا گیا ہے کہ سرکاری عہدے داروں میں متعلقہ شخص اور اس کے اہلِ خانہ بھی شامل ہوں گے، سپیکر، ڈپٹی سپیکر، چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ، وفاقی وزراء اور مشیر بھی شامل ہوں گے۔

بل کے مطابق گورنرز، پولیٹیکل سیکریٹری، معاونِ خصوصی اور دیگر وفاقی و صوبائی عہدے دارن، وزرائے اعلیٰ، صوبائی اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر، معاونِ خصوصی اور دیگر بھی ان لوگوں میں شامل ہوں گے جن پر بل کا اطلاق ہوگا۔

بل کے مطابق سرکاری عہدے دارن میں اٹارنی جنرل، ایڈووکیٹ جنرل اور لاء افسران بھی شامل ہوں گے، بل میں کہا گیا ہے کہ سرکاری وفد میں شامل افراد حاصل ہونے والا تحفہ توشہ خانے میں جمع کرائیں گے۔

سینیٹ میں پیش کیے گئے گئے بل میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ توشہ خانے کے قواعد کی خلاف ورزی اور معاونت کرنے والے کو تحفے کی مارکیٹ مالیت کے 5 گنا کے برابر کا جرمانہ ہوگا۔

Back to top button