ثانیہ اور شعیب کےدی مرزا ملک نامی شو کی ریکارڈنگ شروع


پاکستانی کرکٹر شعیب ملک اور بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کے "دی مرزا ملک” نامی ٹی وی شو کی ریکارڈنگ کی تازہ ویڈیوز اور تصاویر سامنے آنے کے بعد دونوں کے مابین طلاق کی افواہوں کا خاتمہ ہوگیا ہے۔ یاد رہے کہ یہ شو دبئی میں ریکارڈ کیا جا رہا ہے اور اسے اردو فلکس پر ریلیز کیا جائے گا۔ دونوں کی طلاق کی افواہیں وائرل ہیں اور بھارتی میڈیا نے متعدد ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے 10 نومبر کو دعویٰ کیا تھا کہ دونوں نے علیحدگی کا فیصلہ کرلیا، ان کے درمیان سب کچھ ٹھیک نہیں ہے۔ دونوں کی علیحدگی اور طلاق کی خبریں پاکستان اور بھارت میں وائرل ہوگئی تھیں اور سوشل میڈیا صارفین نے ان کی شادی کے ختم ہونے پر افسوس کا اظہار بھی کیا تھا۔

تاہم طلاق کی خبروں کے درمیان ہی ان کے آنے والے شو ’دی مرزا ملک شو‘ کا اعلان کیا گیا، جس کے بعد لوگ سمجھ گئے کہ ان کی طلاق کی خبریں جعلی تھیں اور وہ شو کو مشہور کرنے کے لیے پھیلائی گئیں۔ لیکن اس کے باوجود شعیب ملک اور ثانیہ مرزا نے کوئی وضاحت نہیں دی تھی۔ بعد ازاں شعیب ملک نے چند روز قبل ثانیہ کو انکے جنم دن کی مبارک باد بھی دی تھی، جس سے لوگ سمجھ گئے تھے کہ ان کی طلاق کی خبریں غلط ہیں۔ اب دونوں کے مرزا ملک شو کی ریکارڈنگ کے دوران بنائی گئی ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہونے کے بعد ان کی طلاق کی افواہیں دم توڑ گئی ہیں اور دونون کو ایک ساتھ خوشگوار موڈ میں دیکھ کر ان کے مداحوں نے شکر ادا کیا ہے۔

ثانیہ اور شعیب کی ’دی مرزا ملک شو‘ کے سیٹ پر بنائی گئی ایک مختصر ویڈیو میں ان کے ہمراہ اداکار فہد مصطفیٰ کو دیکھا جا سکتا ہے۔ اس ویڈیو کو اردو فلکس نے انسٹاگرام پر شیئر کیا ، جس میں شعیب ملک اور ثانیہ مرزا ایک دوسرے کے قریب کھڑے دکھائی دیے۔ شو کی ریکارڈنگ کی تصاویر بھی وائرل ہوئیں، جن میں سے ایک تصویر میں دونوں کو اداکاروں فہد مصطفیٰ، عدنان صدیقی اور ہمایوں سعید کے سیٹ پر خوشگوار موڈ میں دیکھا جا سکتا ہے۔
ان کی تصاویر سے عندیہ ملتا ہے کہ ’دی مرزا ملک شو‘ کا آغاز ہمایوں سعید، فہد مصطفیٰ اور عدنان صدیقی کے شوز سے ہوگا، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔ اس سے قبل گزشتہ ہفتے اردو فلکس نے اعلان کیا تھا کہ شعیب ملک او ثانیہ مرزا کا شو جلد نشر کیا جائے گا، تاہم اس کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ شعیب ملک اور ثانیہ مرزا نے 13 سال قبل اپریل 2010 میں شادی کی تھی، شادی کے بعد بھی دونوں کھلاڑی اپنے اپنے ملک کے لیے کھیلتے ہیں۔ شادی کے بعد دونوں نے مشترکہ طور پر دبئی میں رہنے کا فیصلہ کیا تھا، تاہم دونوں نے کئی دن بھارت اور پاکستان میں بھی ایک ساتھ گزارے تھے۔شادی کے 8 سال بعد 30 اکتوبر 2018 کو ان کے ہاں پہلے بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔

Back to top button