ثانیہ مرزا کی وفاداری انڈیا کے ساتھ ہے یا پاکستان کے؟

پاکستان کے سٹار بیٹسمین شعیب ملک کی بھارتی اہلیہ اور ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کے لیے سب سے مشکل موقع وہ ہوتا ہے جب انہیں بھارت اور پاکستان میں سے کسی ایک کا ساتھ دینے کو کہا جاتا ہے۔ کراچی پہنچنے کے بعد ثانیہ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں ان سے پوچھا جا رہا ہے کہ وہ کون سا سوال ہے جسے سن کر ان کا دل کرتا ہے کہ یہ سوال نہ ان سے کبھی نہ پوچھا جائے۔
انڈین ٹینس سٹار نے شعیب ملک کی موجودگی میں پوچھے گئے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’مجھ سے اکثر پوچھا جاتا ہے کہ انڈیا اور پاکستان کے میچ میں آپ کس ملک کو سپورٹ کر رہی ہیں؟ میں ہ۔یہ کہتی ہوں کہ پلیز یہ سوال مت پوچھیں۔‘ ایک منٹ سے کچھ کم دورانیے کی ویڈیو میں ثانیہ مرزا کی گفتگو یہاں تک پہنچتی ہے تو قریب موجود شعیب ملک ان سے مخاطب ہو کر چھیڑنے کے انداز میں وہی سوال پوچھ لیتے ہیں اور کہتے ہیں کہ آپ انڈیا اور پاکستان کے میچ میں کس ملک کو سپورٹ کریں گی؟
یہ جملہ سن کر وہاں موجود افراد قہقہہ لگاتے ہیں کہ ثانیہ نے جو سوال پوچھنے سے منع کیا ہے، وہی شعیب ملک نے ان سے پوچھ ڈالا۔
اس موقع پر حاضر جوابی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ثانیہ مرزا مسکراتے ہوئے اپنے شوہر سے پوچھ ڈالتی ہیں کہ پاکستان اور انڈیا کا ٹینس میچ ہو تو آپ کسے سپورٹ کریں گے؟
اس پر شعیب ملک بغیر رکے جواب دیتے ہیں کہ ’یقینی طور پر میں اپنی اہلیہ کو سپورٹ کروں گا۔‘ جواب میں قہقہہہ لگاتے ہوئے ثانیہ مرزا کہتی ہیں کہ ’سیم آنسر، میعا بھی یہی جواب ہوتا ہے۔ لہذا اب مجھ سے یہ سوال بالکل نہ پوچھا جائے۔ ثانیہ مرزا کا جواب سن کر شعیب ملک کہتے ہیں کہ ’میں یہ سوال دوبارہ بھی پوچھوں گا۔‘
یاد رہے کہ ثانیہ مرزا اور شعیب ملک ان دنوں کراچی میں ہیں جہاں وہ ایک مقامی برانڈ کے ساتھ مل کر اپنی پرفیوم متعارف کرا رہے ہیں۔
ایک اور سوال کے جواب میں ثانیہ مرزا نے کہا کہ وہ جب بھی پاکستان آتی ہیں تو پاکستانی عوام ان کے ساتھ بے انتہا محبت کا مظاہرہ کرتے ہیں جس کے لیے وہ ان کی مشکور ہیں۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ پاکستانیوں کی ان کے لئے اس والہانہ محبت کی ایک وجہ شعیب ملک ہیں۔ ثانیہ مرزا کی پاکستان یا بھارت کو سپورٹ کرنے سے متعلق گفتگو پر انکے سوشل میڈیا فینز نے مختلف انداز میں ردعمل کا اظہار کیا۔ کچھ صارفین نے انہیں ’پولیٹیکلی کوریکٹ کپل‘ قرار دیا تو کچھ ثانیہ مرزا اور کچھ شعیب ملک کو ’کول‘ کہتے رہے۔ اس تقریب کے موقع شعیب ملک کا کہنا تھا کہ وہ کرکٹ سے ریٹائرڈ نہیں ہو رہے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ بابراعظم کے ساتھ ان کی گفتگو کے بعد یہ بات واضح ہے کہ پاکستانی ٹیم کو اسوقت بطور کھلاڑی ان کی ضرورت ہے۔
