ثنا بُچہ اور شاہد آفریدی کی شادی کی افواہ کیوں اڑی؟

معروف ٹی وی اینکر ثنا بُچہ اور سابق کرکٹر شاہد آفریدی کی شادی کی افواہیں سوشل میڈیا پر وائرل ہیں جس کی بنیادی وجہ دونوں کی ایک تصویر بنی۔ تاہم ثنا بُچہ نے وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی طلاق کی خبر تو سچ ہے لیکن شاہد آفریدی کے ساتھ شادی کی افواہ جھوٹ پر مبنی ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ انھیں شاہد آفریدی کے ساتھ تصویر نہیں بنانی چاہیے تھی جسے بنیاد بنا کر لوگ انکی شادی کی افواہیں اڑا رہے ہیں۔
ثنا بُچہ اور شاہد آفریدی کی تصویر ابتدائی طور پر جون 2017 میں وائرل ہوئی تھی، جس پر لوگوں نے اداکارہ سمیت ان کے ساتھ تصویر میں موجود دیگر خواتین پر بھی تنقید کی تھی۔ یہ تصویر گزشتہ پانچ سال میں متعدد بار سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہیں اور ہر بار تصویر کے ساتھ نئے نئے دعوے کیے جاتے رہے ہیں۔
کچھ دن قبل بھی شاہد آفریدی اور ثنا بُچہ کی وہی پرانی تصویر وائرل ہوئی تھی اور ساتھ ہی سوشل میڈیا پر ایسی افواہیں پھیلائی گئیں کہ دونوں نے شادی کرلی۔متعدد یوٹیوب چینلز اور سوشل میڈیا پیجز نے دونوں کی شادی کے حوالے سے دعوے کیے مگر اب چینل 24 سے وابستہ ٹی وی میزبان نے افسوس کیا ہے کہ انہوں نے کچھ سال قبل لالا کے ساتھ تصویر کھچوائی۔ ثنا بُچہ نے شاہد آفریدی کے ساتھ تصویر کھچوانے کے معاملے پر پہلی بار کھل کر بات کی اور بتایا کہ انہوں نے یہ تصویر ایک سحری کی دعوت کے دوران خواتین دوستوں کے ہمراہ کرکٹر کے ساتھ کھچوائی تھی۔
ایک انٹرویو میں انہوں نے تسلیم کیا کہ یہ تصویر کھچواتے وقت شاہد آفریدی تھوڑے سے گھبرا بھی گئے تھے اور ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی مانا کہ انہیں کرکٹر کے ساتھ تصویر نہیں کھچوانی چاہیے تھی مگر جو ہوچکا سو ہو چکا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی اس تصویر پر پہلے بھی بہت ساری باتیں ہو چکی ہیں اور حال ہی میں ان کی تصویر دوبارہ وائرل کرکے ان کی شادی کی افواہیں پھیلائی گئیں جن کی وہ مذمت کرتی ہیں۔ اسی انٹرویو کے دوران انہوں نے تصدیق کی کہ ان کی طلاق ہو چکی ہے۔
ثنا بُچہ کے مطابق اب وہ سابق شوہر کا نام تک بھول گئی ہیں، ان کا چہرہ تک انہیں یاد نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح ان کے شوہر انہیں بھلا کر آگے بڑھ چکے ہیں، اسی طرح وہ بھی انہیں بھلا کر آگے بڑھ چکی ہیں اور اب ان کی دوسری شادی کا بھی کوئی امکان نہیں۔ ان کے مطابق ان کے والد انہیں مذاق میں کہتے ہیں کہ ان کے لیے کوئی شخص بنا ہی نہیں جو ان کے ساتھ شادی کر سکے۔
ثنا نے انٹرویو کے دوران مذاق میں کہا کہ وہ دوسری شادی کے لیے تیار بھی ہو سکتی ہیں مگر انہیں کوئی شخص نہیں مل رہا۔ انہوں نے کہا کہ جو شخص ان سے شادی کرنے کا خواہش مند ہے، وہ ان سے رابطہ کرے۔ ثنا بُچہ نے مذاق مذاق میں یہ بھی واضح کیا کہ ان سے شادی کی خواہش رکھنے والا شخص دراز قد ہونا چاہیے۔
