جمائما برطانوی و ایشیائی جوڑے کی شادی پر فلم بنائیں گی

وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ جمائمہ گولڈ اسمتھ اپنی پہلی رومانوی کامیڈی فلم بنا رہی ہیں جس کی ہدایت کاری بھارتی ہدایت کار شیکھر کپور کریں گے۔ فلم کی شوٹنگ کا آغاز آئندہ ماہ سے ہوگا۔
جمائمہ گولڈ اسمتھ کی فلم کا نام ’What’s Love Got to Do With It‘ ہے جسے جمائمہ نا صرف خود پروڈیوس کر رہی ہیں بلکہ فلم کی کہانی بھی انہوں نے خود ہی لکھی ہے۔
جمائما نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر فلم کی شوٹنگ کے بارے میں لکھا کہ ’یہاں تک پہنچنے کےلیے 10 سال کا عرصہ لگا، اور اس دوران کئی ڈرافٹس لکھے گئے۔‘
جمائما گولڈ اسمتھ کی لکھی فلم کی کہانی سے متعلق ابھی واضح کوئی خبر سامنے نہیں آئی، تاہم خبریں ہیں کہ فلم کی کہانی برطانوی و جنوبی ایشیائی جوڑے کی محبت اور شادی کے گرد گھومتی ہے اور فلم میں کہانی کو مزاحیہ انداز میں پیش کیا جائے گا۔
فلم کی کاسٹ میں پاکستانی نژاد برطانوی اداکار شاہد لطیف، برطانوی اداکارہ للی جیمز اور ہالی ووڈ کی نامور اداکارہ ایما تھامپسن سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔
فلم کی ہدایات بھارتی فلم ساز شیکھر کپور دیں گے، جو مسٹر انڈیا، معصوم، دل سے، بنڈت کوئین، ایلزبتھ اور پیسیج جیسی فلموں کی ہدایات دے چکے ہیں۔ شیکھر کپور مذکورہ فلم کی ہدایات دینے سے 13 سال بعد عالمی فلمی دنیا میں واپسی کریں گے، اس سے قبل انہوں نے 2007 میں ریلیز ہونے والی بائیوگرافی فلم (ایلزبتھ: دی گولڈن ایج) کی ہدایات دی تھیں، جنہیں بہترین پروڈکشن کا آسکر ایوارڈ بھی ملا تھا۔
جمائما خان کا کہنا تھا کہ وہ اس فلم کے بارے میں پر جوش ہونے کے ساتھ ساتھ خوفزدہ بھی ہیں۔
جمائما گولڈ اسمتھ نے سال 2015 میں ’انسٹنکٹ پروڈکشن‘ نامی کمپنی کا آغاز کیا تھا جس کے تحت وہ کئی دستاویزی فلمیں بھی پروڈیوس کر چکی ہیں۔
جمائما نے فی الحال فلم ریلیز ہونے کے حوالے سے کوئی عندیہ نہیں دیا، تاہم فلم کی شوٹنگ آئندہ ماہ سے شروع ہوگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button