جمائما نے ڈیانا پر بننے والی ویب سیریز کو فیورٹ قرار دے دیا

وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ مقبول ویب سیریز ‘دی کراؤن’ کے چوتھے سیزن کی دیوانی ہو چکی ہیں اور اسے سب سے بہترین سیزن قرار دے دیا ہے۔
اسٹریمنگ ویب سائٹ ’نیٹ فلیکس‘ پر معروف اور متنازع ویب سیریز ’دی کراؤن‘ کا چوتھے سیزن ریلیز کردیا گیا۔ ’دی کراؤن 4‘ چار سال قبل شروع ہونے والی سیریز کا چوتھا حصہ ہے، جسے 15 نومبر کو ریلیز کیا گیا۔ حالیہ سیزن بہت زیادہ دلچسپ ہے جس میں نہ صرف شہزادی ڈیانا اور ان کے شوہر چارلس کی شادی اور رومانس کو دکھایا گیا ہے بلکہ ٹریلر میں برطانیہ کی پہلی خاتون وزیر اعظم مارگریٹ تھیچر کی جھلک بھی دکھائی گئی ہے۔
عمران خان کی سابقہ اہلیہ اور لیڈی ڈیانا کی دوست جمائما گولڈ اسمتھ بھی خوب تعریف کررہی ہیں۔ انہوں نے ٹوئٹر پر اس سیزن کو سراہتے ہوئے کہا کہ میری نظر میں دی کراؤن کا سیزن 4 اب تک کا سب سے بہترین ہے، اس سیزن میں ایما کورن ڈیانا کا جادو دکھارہی ہیں، میں شہزادی ڈیانا کے ساتھ دوبارہ محبت میں مبتلا ہونے کو تیار ہوں، اب تک 5 اقساط دیکھ لیے ہیں۔ جمائما نے لکھا کہ یہ سیزن آج آیا ہے اور نیٹ فلیکس پر میری سبسکرپشن کی ڈیڈلائن بھی ہے، لیکن یہ مجھے 5 اقساط دیکھنے سے نہیں روک سکی۔
یاد رہے کہ ’دی کراؤن‘ کو ابتدائی طور پر نومبر 2016 میں جاری کیا گیا تھا اور اس سیریز کے پہلے سیزن میں 1947 سے 1955 کا شاہی خاندان کا دور دکھایا گیا تھا۔ ’دی کراؤن‘ سیریز کی مرکزی کہانی ملکہ برطانیہ ایلزبتھ دوم کی زندگی پر مبنی ہے اور سیریز کا آغاز ہی ان کی جوانی، شادی اور تخت سنبھالنے سے ہوتا ہے۔ سیریز میں نہ صرف شاہی محل میں ہونے والی سازشوں اور معاشقوں کو دکھایا گیا بلکہ اس میں برطانوی شاہی خاندان کے دنیا بھر کی سیاست پر پڑنے والے اثرات کے اہم واقعات کو بھی دکھایا گیا تھا۔ چوتھے سیزن میں جہاں لیڈی ڈیانا کا کردار دکھایا گیا ہے، وہیں اس میں پہلی برطانوی خاتون وزیر اعظم مارگریٹ تھیچر سمیت کئی نئے کردار بھی دکھائے گئے ہیں۔ چوتھے سیزن میں شہزادی ڈیانا کی شاہی خاندان میں شمولیت کو موضوع بنایا گیا ہے اس سیزن میں لیڈی ڈیانا اور شہزادہ چارلس کی شادی سمیت ممکنہ طور پر لیڈی ڈیانا کے معاشقوں کو بھی دکھایا جائے گا۔
چوتھے سیزن میں ڈیانا کو ایک نو عمر کے طور پر دکھایا گیا ہے جو وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ شہزادہ چارلس کی منگیتر کی حیثیت سے خود کو تنہا کر لیتی ہیں، جب اس جوڑے نے سنہ 1981 میں شادی کی تھی تب ڈیانا کی عمر 20 سال کی تھی جب کہ چارلس کی عمر 32 سال تھی۔
یاد رہے کہ دی کراؤن کے گزشتہ سیزن میں ولی عہد شہزادہ چارلس کو ایک حساس لڑکے کے طور پر دکھایا گیا تھا لیکن ڈیانا کے شوہر کی حیثیت سے ان کے کردار میں بے وفائی کا عنصر بھی نمایاں کیا گیا ہے۔ دی کراؤن کے چوتھے سیزن میں شہزادی ڈیانا کا کردار 24 سالہ اداکارہ ایما کورن ادا کر رہی ہیں۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ وہ اس کردار کے حوالے سے دباؤ کا شکار تھیں۔
چوتھے سیزن کے بعد ’دی کراؤن‘ کے پانچویں اور چھٹے سیزن کو بھی جاری کیا جائے گا اور تمام سیزنز کی کہانی ملکہ برطانیہ کے گرد گھومے گی۔ پہلے اور دوسرے سیزن میں ملکہ برطانیہ کا کردار 36 سالہ اداکارہ کلیری ایلزتھ فائے نے ادا کیا تھا جب کہ تیسرے اور چوتھے سیزن میں ان کا کردار اداکارہ اولیویا کولمین ادا کرتی دکھائی دیں گی۔
یاد رہے کہ سال 2016 میں پہلی بار نشر ہونے والے اس سیریز نے متعدد ایوارڈز جیتے ہیں جن میں 3 گولڈن اور 10 ایمی ایوارڈز شامل ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button