اسحاق ڈار کی عمانی ہم منصب سے ملاقات؛ امن، مکالمے اور تعاون پر تبادلہ خیال

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے عمان کے وزیر خارجہ سید بدر بن حمد البوسعیدی سے ملاقات کی، امن ، مکالمے اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران اعلیٰ سطح کے تبادلوں کو فروغ دینے، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔دونوں وزرائے خارجہ نے خطے اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر عمان کے وزیر خارجہ نے مکالمے کے فروغ، کشیدگی میں کمی اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔
دفتر خارجہ نے بتایا کہ دونوں فریقوں نے خطے کی حالیہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جنگ بندی برقرار رکھنے اور بین الاقوامی قانون کے احترام کی ضرورت پر زور دیا۔
دونوں وزرا خارجہ کی ملاقات فلپائن میں جاری آسیان ریجنل فورم کے موقع پر سائیڈ لائنز میں ہوئی، جہاں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور عمان کے درمیان دوطرفہ تعاون میں ہونے والی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
پاکستانی بحری جہازوں پر حملہ ناقابلِ قبول ہوگا، دفتر خارجہ
علاوہ ازیں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے نیوزی لینڈ کے وزیر خارجہ ونسٹن پیٹرز سے بھی ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، عوامی روابط اور کھیلوں کے شعبے میں تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔
