پنجاب ،کے پی میں بارشوں اور سیلاب سے 43 افراد جاں بحق،177 زخمی

پنجاب اور خیبرپختونخوا میں موسلادھار بارشوں اور سیلاب سے اب تک 43 افراد جاں بحق اور 177 زخمی ہو چکے ہیں۔
پنجاب میں رواں سال مون سون بارشوں کے دوران 21 افراد جاں بحق اور 154 زخمی ہوئے، جبکہ سیلابی ریلوں میں بہنے یا پھنسنے کے باعث کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق پانی میں ڈوبنے سے ایک، آسمانی بجلی گرنے سے 2، عمارتیں گرنے سے 15 اور کرنٹ لگنے سے 3 افراد جاں بحق ہوئے۔ بارشوں کے باعث 38 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے پنجاب نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ دنوں میں مزید بارشوں کے باعث شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ اور نشیبی مقامات پر فلیش فلڈنگ کا خدشہ برقرار ہے۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارشوں کے دوران مکانات کی چھتیں اور دیواریں گرنے، جبکہ بعض علاقوں میں سیلابی ریلوں میں بہہ جانے کے واقعات پیش آئے، جن میں 22 افراد جاں بحق اور 23 زخمی ہوئے۔
پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا کی رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں 9 مرد، 3 خواتین اور 10 بچے شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 11 مرد، 5 خواتین اور 7 بچے شامل ہیں۔
ترجمان کے مطابق بارشوں سے مجموعی طور پر 37 مکانات متاثر ہوئے، جن میں 8 مکمل طور پر منہدم جبکہ 29 کو جزوی نقصان پہنچا۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق متاثرہ اضلاع میں پشاور، صوابی، مردان، نوشہرہ، بونیر، خیبر، باجوڑ، شانگلہ، لوئر چترال، لوئر و اپر دیر، ہری پور، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ٹانک، تورغر، کرم، شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان شامل ہیں۔
