وزیراعظم کا سعودی ولی عہد سے رابطہ، سعودی آئل ٹینکرز پر حوثی حملوں کی مذمت

وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان میں ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں سعودی آئل ٹینکرز پر حوثی حملوں کی مذمت کی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی آئل ٹینکرز پر حوثی ملیشیا کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ میں، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور پاکستانی قوم اس نازک وقت میں سعودی قیادت،برادر عوام کے ساتھ مضبوطی، عزم کے ساتھ کھڑے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے محمد بن سلمان سے گفتگو میں کہا کہ ایسے اقدامات قطعی ناقابلِ قبول ہیں،یہ بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی ہیں،ایسے اقدامات جہاز رانی اور تجارتی نقل و حمل کی آزادی کےلیے خطرہ ہیں اور ایسے اقدامات علاقائی امن،سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچاتےہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے مملکت سعودی عرب کی سلامتی،خود مختاری، علاقائی سالمیت اور خوش حالی کےلیے پاکستان کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔
شہباز شریف کاکہنا تھاکہ پاکستان امن وسلامتی اور استحکام کےلیے مملکت و عالمی برادری کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا،پاکستان بحیرہ احمر،آبنائے ہرمز اور سمندری تجارت کی بلاتعطل روانی کےلیے قریبی تعاون جاری رکھےگا۔
پاکستانی بحری جہازوں پر حملہ ناقابلِ قبول ہوگا، دفتر خارجہ
وزیراعظم نےخادم حرمین شریفین شاہ سلمان کےلیے نیک خواہشات اور خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا جب کہ اس موقع پر سعودی ولی عہد نے پاکستان کی مستقل حمایت اور دونوں ممالک کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات کو سراہا۔
