جمائمہ کی لکھی ہوئی سجل علی کی پہلی عالمی فلم کا ٹریلر جاری

عمران خان کی پہلی اہلیہ جمائمہ گولڈ سمتھ کی لکھی ہوئی فلم ‘واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ’ کا پہلا ٹریلر جاری کر دیا گیا، فلم میں مرکزی کردار معروف پاکستانی اداکارہ سجل علی ادا کیا ہے، فلم کے ریلیز ہونے والے پہلے ٹریلر میں سجل علی سمیت گلوکار راحت فتح علی خان کی جھلک بھی دکھائی گئی ہے۔ ’’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ‘‘ کے دو منٹ سے بھی کم دورانیے کے ٹریلر میں فلم کے تمام مرکزی کرداروں کو دکھایا گیا ہے، فلم کی کہانی برطانوی لڑکی اور پاکستانی نژاد برطانوی لڑکے کے گرد گھومتی ہے جو نہ صرف پڑوسی ہوتے ہیں بلکہ بچپن کے دوست بھی ہوتے ہیں۔
ٹریلر سے معلوم ہوتا ہے کہ لڑکے کے والدین ان کی شادی کروانا چاہتے ہیں اور وہ ڈیٹنگ ایپس سمیت رشتے کرانے والے افراد کے پاس بھی ان کے رشتے لے جاتے ہیں مگر انہیں ناکام ملتی ہے، جس کے بعد وہ ان کی شادی پاکستانی لڑکی سجل علی سے طے کرتے ہیں، ٹریلر میں دکھایا گیا ہے کہ لڑکے یعنی شہزاد لطیف کی شادی طے ہونے پر ان کی دوست زوئی بھی ان کے ہمراہ لندن سے لاہور آتی ہیں اور ان کی شادی کے تمام تقریبات اور مراحل کو شوٹ کرکے اس پر دستاویزی فلم بناتی ہیں، جس دوران انہیں ایسے سوالات کے جوابات بھی مل جاتے ہیں جن کی وہ کئی سال سے منتظر تھیں۔
ٹریلر میں سجل علی کو پاکستانی لڑکی کے طور پر دکھایا گیا ہے جب کہ شبانہ اعظمی کو ان کی والدہ کے روپ میں دکھایا گیا ہے۔ فلم کے ٹریلر میں گلوکار راحت فتح علی خان کی جھلک بھی دکھائی گئی جو کہ شہزاد لطیف اور سجل علی کی شادی کی تقریب میں پرفارمنس کرتے دکھائی دیں گے۔ ٹریلر میں دیگر کرداروں کو بھی دکھایا گیا ہے جب کہ اسے دیکھنے سے اندازہ ہوتا ہے کہ فلم میں نہ صرف رومانس بلکہ کامیڈی اور دیسی ثقافت بھی دیکھنے کو ملے گی۔ یہ فلم سجل علی کی پہلی عالمی فلم ہوگی، اس سے قبل وہ پاکستانی فلموں میں کام کر چکی ہیں۔
فلم کی ہدایات بولی وڈ فلم ساز شیکھر کپور دے رہے ہیں، جنہوں نے اس سے قبل 2007 میں ریلیز ہونے والی بائیوگرافی فلم (ایلزبتھ: دی گولڈن ایج) کی ہدایات دی تھیں، جسے بہترین پروڈکشن کا آسکر ایوارڈ بھی ملا تھا۔
‘واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ’ (What’s Love Got To Do With It) کی کہانی جمائما گولڈ اسمتھ نے لکھی ہے اور اسے ‘اسٹوڈیو کینال’ نے پروڈیوس کیا ہے۔ فلم کی مرکزی کاسٹ میں پاکستانی اداکارہ سجل علی، بولی وڈ اداکارہ شبانہ اعظمی، عاصم چوہدری، جیف مرزا، مم شیخ، مریم حق اور سندھو وی شامل ہیں۔ فلم کو رواں برس کرسمس کے موقع پر عالمی سینماؤں میں پیش کیا جائے گا، ممکنہ طور پر اسے پہلے امریکا، کینیڈا، یورپی ممالک اور بھارت میں پیش کیا جائے گا، جس کے بعد اسے 2023 میں پاکستان اور برطانیہ میں ایک ساتھ ریلیز کیا جائے گا۔
