جماعت اسلامی کا الیکشن کمیشن کے خلاف احتجاج ملتوی

الیکشن کمیشن کی جانب سے سندھ حکومت کی جانب سے مختلف اضلاع میں بلدیاتی الیکشن ملتوی کرنے کے فیصلے کو مسترد کر کے پندرہ جنوری کو ہی الیکشن کرانے کے فیصلے کے بعد جماعت اسلامی نے الیکشن کمیشن کے باہر دھرنا اور احتجاج ملتوی کر دیا ہے

ادارہ نور الحق میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے سندھ حکومت کے اقدام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مفادات کی خاطر اور عوام کے مینڈیٹ سے خوفزدہ ہو کر الیکشن ملتوی کیے گئے تھے ۔ عوام کو جمہوری اور سیاسی حق سے محروم کیا جا رہا تھا، عوام کو آئینی، جمہوری اور قانونی حق دینے پر الیکشن کمیشن کے فیصلے کو سراہتے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ عوام نے پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کو مسترد کر دیا تم صرف اپنے لیے ڈیل کرتے ہو، ایم کیو ایم نے ہمیشہ کراچی کا مینڈیٹ و ڈیروں کو بیچا ہے، جونیئر پارٹیز کے طور پر ایم کیو ایم پیپلزپارٹی کی سہولت کار بنتی ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ ابھی سے کہنا شروع کر دیا ہے کہ ہم شریف کیا ہوئے سب بدمعاش ہوگئے، آجاؤ اور بدمعاشی کر کے دکھاؤ، ایم کیو ایم ہمیشہ پیپلز پارٹی سے سودے بازی کرتی رہی اور اب بھی رات کی تاریکی میں شب خون مارا گیا۔

واضح رہے کہ رات گئے سندھ حکومت نے کراچی، حیدر آباد اور دادو میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے نئی حلقہ بندیوں سے متعلق نوٹیفیکیشن بھی واپس لے لیا تھا۔

Back to top button