پاکستانی نژاد خاتون امریکی ’فیڈرل ٹریڈ کمیشن‘‘ کی سربراہ مقرر

امریکی صدر جوبائیڈن نے فیڈرل ٹریڈ کمیشن کے سربراہ کے لیے ایمازون، فیس بک، ایپل اور گوگل کی ناقد لینا خان کا انتخاب کرلیا ہے۔ 32 سالہ پاکستانی نژاد ماہر قانون لینا خان کی بطور سربراہ فیڈرل ٹریڈ کمیشن کی منظوری سینیٹ نے بھی رائے شماری کے ذریعے دیدی ہے۔
لینا خان لندن میں پاکستانی گھرانے میں پیدا ہوئیں اور جب وہ 11 سال کی ہوئیں تو والدین نے لندن سے امریکا میں سکونت حاصل کرلی۔ لینا خان کولمبیا یونیورسٹی کے لاء اسکول میں پروفیسر رہی ہیں تاہم انہیں شہرت ٹیکنالوجی کی دنیا کے بے تاج بادشاہ ایمازون کیخلاف مقالے ’’ایمازون اینٹی ٹرسٹ پیراڈوکس‘‘ سے ملی تھی۔
لینا خان گوگل، فیس، ایپل اور ایمازون سمیت کئی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے اینٹی ٹرسٹ ہونے پر کافی تنقید کرتی آئی ہیں جب کہ 2019 اور 2020 میں بھی انہوں نے ہاؤس جوڈیشری اینٹی ٹرسٹ پینل کے وکیل کی حیثیت سے دو طرفہ تحقیقات میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔
واضح رہے کہ لینا خان امریکا کے ریگولیٹری اتھارٹی ’’ایف ٹی سی‘‘ کی سب سے کم عمر سربراہ بن گئی ہیں۔
